تپتی دھوپ میں اُفق پرسیاہ بادلوں کاجماؤ
درجنوں مکانات ودکانات کے چھت اُڑگئے،سامان تیس نہس،درختان گرگئے ،کئی عمارا ت وگاڑیوں کونقصان
سری نگر،بارہمولہ قصبہ ،سوپور ،پٹن،ماگام ،ہانجی ویرہ ،مرگنڈاورچرارشریف سمیت کئی علاقوں میں خوف و دہشت
سری نگر،بارہمولہ:۵،جون:کے این این / تپتی دھوپ میں مطلع ابروآلودہونے کے بعدمنگل کی دوپہرسری نگر،بارہمولہ قصبہ ،سوپورکے مضافاتی علاقوں ،پٹن،ماگام ،ہانجی ویرہ ،مرگنڈاورشمالی وجنوب دیگرکئی علاقوں میں آندھی نمابرق رفتارہوائیں چلنے کے بیچ تباہ کن ژالہ باری ہوئی جبکہ گرج چمک کیساتھ کئی علاقوں میں تیزتراربارشیں بھی ہوئیں ۔قصبہ بارہمولہ سمیت کئی متاثرہ علاقوں میں درجنوں عمارات ودکانات کے چھت اُڑگئے ،دکانات کاسامان بکھرگیا،سرراہ درجنوں کی تعدادمیں درختان اوربجلی کے کھمبے اکھڈگئے ،جسکے نتیجے میں بجلی اورمواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔ میوہ جات،فصلوں اورسبزیاں ملیامیٹ ہوگئیں ۔لگ بھگ 80کلومیٹرفی گھنٹہ رفتارسے تیزہوائیں چلنے کے بعدسری نگر،بارہمولہ اوردوسرے کئی علاقوں میں ایسی خوف ودہشت کی لہردوڑگئی ،سڑکوں پررواں دواں سبھی گاڑیاں درماندہ ہوکررہ گئیں اورلوگ گھروں ،دفتروں اوردکانات میں سہم کررہ گئے ۔اُدھرخطہ پیرپنچال کے تحت آنے والے اضلاع پونچھ اورراجوری کے علاوہ خطہ چناب کے تینوں اضلاع ڈوڈہ ،رام بن اورکشتواڑ کے کئی علاقوں میں بھی تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ موسلاداربارشیں ہونے کے باعث معمول کی سرگرمیاں کئی گھنٹوں کیلئے متاثر ہوکررہ گئیں ۔کے این این کوملی تفصیلات کے مطابق کشمیروادی میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدیدترین گرمی ک چلتے موسمی صورتحال نے منگل کے روزاسوقت اچانک کرؤٹ بدلی جب شمالی کشمیرمیں قصبہ بارہمولہ ،سوپورکے کچھ مضافاتی علاقوں ،پٹن،ماگام ،ہانجی ویرہ ،مرگنڈاورکاوسہ میں دوپہرایک بجکر10منٹ سے اچانک تیزہوائیں چلناشروع ہوگئیں ۔بارہمولہ کے لوگوں نے بتایاکہ یہاں دن کے ایک بجکردس منٹ پراچانک مطلع ابروآلودہونے کیساتھ ہی برق رفتارہوائیں چلناشروع ہوگئیں ،اورآندھی نماہواؤں نے قصبہ کے مین بازار،اولڈٹاؤن ،دیوان باغ ،نورباغ ،محلہ جدید،خانپورہ ،کانلی باغ اوردیگرکچھ علاقوں میں ایسی دہشت مچادی کہ درجنوں دکانات اورمکانات کے چھت ہوامیں اُڑتے نظرآئے ،دکانات کے باہراورریڈوں وچھاپڑیوں پرموجودسامان آندھی کی لپیٹ میں آکرادھراُدھر بکھرگیا۔لوگوں کے مطابق اس دوران ڈسٹرکٹ کورٹ بارہمولہ واقع محلہ دیوان باغ میں دوبڑے بوسیدہ سفیدے کے درخت زمین بوس ہوگئے تاہم اسے کوئی جانی یامالی نقصان نہیں پہنچا۔نزدیک ہی ڈی آئی جی آفس کے قریب ایک بڑادرخت محکمہ جنگلات کی ایک عمارت پرجاگراجسکے نتیجے میں عمارت کونقصان پہنچا۔آندھی نمابرق رفتارہواؤں سے دہشت زدہ بارہمولہ قصبہ کے لوگوں نے بتایاکہ اچانک تیزہوائیں چلنے سے درجنوں درختان اورمتعددبجلی کھمبے بھی ٹوٹ گئے جسکے باعث بجلی ومواصلاتی نظام درہم برہم ہوکررہ گیا۔انہوں نے کہاکہ پورے قصبے میں دہشت کاماحول پھیل گیاجبکہ اسی دورا ن لگ بھگ دس منٹ تک تباہ کن ژالہ باری بھی ہوئیں جس نے میوہ جات ،فصلوں اورسبزیوں کوملیامیٹ کردیا۔تیزہواؤں کے چلتے سفیدے کے بوسید ہ درختان کے گرآنے کے اندیشے کے پیش نظرکانٹھ باغ کراسنگ سے قصبہ بارہمولہ تک سینکڑوں کی تعداد میں مسافراورمال بردارگاڑیاں درماندہ ہوکرہ گئیں ۔ادھرنزدیکی تحصیل سوپورکے کئی دیہات میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ،جسکے نتیجے میں میوہ جات ،فصلوں ،سبزیوں اوربجلی نظام کوسخت نقصان پہنچا۔اس دوران پٹن،ماگام ،ہانجی ویرہ ،مرگنڈاورکاوسہ میں دوپہرکے وقت تیزترارہوائیں چلنے کے بیچ تباہ کن ژالہ باری ہوئی جوکئی منٹوں تک جاری رہی ۔متاثرہ دیہات وعلاقہ جات کے لوگوں نے بتایاکہ تیزہوائیں چلنے اورژالہ باری کی وجہ سے درجنوں درخت گرگئے جسکے نتیجے میں کئی تعمیرات اورگاڑیوں کونقصان پہنچا۔جگہ جگہ درخت گرجانے اوربجلی کے کھمبے ٹوٹ جانے کی وجہ سے بجلی سپلائی کاٹ د ی گئی اورمنگل کوشام دیرگئے تک کئی دیہات میں بجلی سپلائی منقطع پڑی تھی ۔کے این این کے مطابق شمالی کشمیرکے کئی علاقوں میں خوفناک ہوائیں چلنے اورتباہ کن ژالہ باری ہونے کے کچھ وقت بعدگرمائی راجدھانی شہرسری نگرمیں اچانک اُفق پرسیاہ بادل چھاگئے ،اورکچھ دیربعدیہاں ایسی تیزہوائیں چلیں کہ لوگوں میں دہشت پھیل گئی ۔سری نگرشہرمیں لگ بھگ بیس منٹ تک آندھی نماتیزہوائیں چلتی رہیں جسکے باعث سیول لائنزاورشہرکے دوسرے علاقوں میں دہشت مچ گئی ۔70تا80کلومیٹرفی گھنٹہ رفتارسے چلنے والی تیزہواؤں کی زدمیں آنے والے بڑے درختان بشمول چنارکے درختوں کوایسے پھڑپھڑاتے دیکھاگیاکہ ابھی زمین بوس ہوجائیں لیکن کچھ دیربعدیہاں گرج چمک کیساتھ بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے کے بعدہواؤں کی رفتارمیں کمی واقع ہوئی ۔اس دوران سری نگر کے کئی علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام کونقصان پہنچنے کے باعث بجلی سپلائی کاٹ دی گئی ۔لالچوک اورسیول لائنزکے دوسرے علاقوں میں لگ بھگ تین گھنٹے کیلئے بجلی سپلائی منقطع رہی ۔محکمہ بجلی کے ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ تیزہوائیں چلنے کے نتیجے میں بجلی نظام کونقصان پہنچا،اورمرمت تک بجلی سپلائی کواحتیاطی طورپرمنقطع رکھاگیا۔اس دوران پورے سری نگرشہرمیں مواصلاتی بریک ڈاؤن ہوگیا،اورمنگل کوشام دیرگئے تک بی ایس این ایل کی جانب سے فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سروس منقطع ہوگئی ۔اُدھر بڈگام،چرارشریف اورگاندربل اضلاع کے کئی علاقوں میں بھی تیزہوائیں چلنے سے درختان کونقصان پہنچا۔لگ بھگ ایک گھنٹے تک تیزہواؤں کی دہشت جاری رہنے کے بعدسری نگرشہراوراسکے نواحی علاقوں میں تیزبارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیاجوشام دیرگئے تک جاری تھا۔اُدھرخطہ پیرپنچال کے تحت آنے والے اضلاع پونچھ اورراجوری کے علاوہ خطہ چناب کے تینوں اضلاع ڈوڈہ ،رام بن اورکشتواڑ کے کئی علاقوں میں بھی تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ موسلاداربارشیں ہونے کے باعث معمول کی سرگرمیاں کئی گھنٹوں کیلئے متاثر ہوکررہ گئیں ۔
آندھی نمابرق رفتارہوائیں ،تباہ کن ژالہ باری ،گرج چمک کیساتھ موسلاداربارشیں

