آر پار ہلاکت خیز شبانہ فائرنگ اور آتشی گولہ باری ،تین شہری اور بی ایس ایف اہلکار ہلاک ،کئی زخمی

fencing constructed along the indo - pakistan border - fao chris

جموں :حد متارکہ سے لیکر بین الاقوامی سرحد پر آر پار ہلاکت خیز شبانہ فائرنگ اور آتشی گولہ کے باعث دونوں اطراف ایک معصوم بچی سمیت 3شہری اور بی ایس ایف اہلکار ہلاک اور کئی خواتین سمیت نصف درجن سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ۔ہند پاک افواج کے درمیان آر پار فائرنگ اور ماٹر شلنگ کے نتیجے میں کئی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ آر پار سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان کا کہنا ہے کہ آر ایس پورہ سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ اور ماٹر شلنگ کے نتیجے میں ایک بچی اور بی ایس ایف کا ہیڈ کانسٹیبل ازجان ہوا ۔ادھر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کا الزام ہے کہ بھارتی فورسز نے ورکنگ باو¿نڈری کے قریب سیالکوٹ میں چپھرار سیکٹر کے ایک سرحدی گاو¿ں کنڈان پور میں رات کے اندھیرے میں بلا اشتعال فائرنگ کی،جسکے نتیجے میں 2خواتین ازجان اور5دیگر شہری زخمی ہوئے ۔دریں اثناءصوبہ جموں میں آر ایس پورہ کے سرحدی علاقے میں آر پار فائرنگ اور شلنگ کے بعد تعلیمی اداروں کو احتیاطاً بند کردیا گیا ۔

صوبہ جموں میں حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آگئی ۔سرحدوں پر جنگ جیسی صورتحال پیدا ہونے کے بیچ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان شبانہ ہلاکت خیز اور آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا ،جسکے نتیجے میں تین شہری اور بی ایس ایف اہلکار ہلاک اور نصف درجن سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ۔

جموں میں مقیم دفاعی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے فائرنگ اور ماٹر شلنگ کی ۔انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی یہ خلاف ورزی بین الاقوامی سرحد پر آر ایس پورہ سیکٹر میں کی گئی۔ان کا کہناتھا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ اور ماٹر شلنگ سے بی ایس ایف کا ہیڈ کانسٹیبل اور ایک معصوم بچی ازجان ہوئی ۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ بدھ کی شب پاکستانی فوج نے فائرنگ اور ماٹر شلنگ کی،جس کا موثر انداز میں جواب دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس پورہ میں کی گئی فائرنگ اور ماٹر شلنگ کے نتیجے میں 78بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل اے سریش ساکنہ تامل ناڈو ہلاک ہوا جبکہ 14سالہ بچی سبتی دختر ست پال ساکنہ دیالہ چک کٹھوعہ بھی آر پار فائرنگ اور ماٹر شلنگ کی زد میں آکر موت کی آغوش میں ہمیشہ ہمیشہ کےلئے سوگئی ۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ بچی اپنے نانی ہال واقع پنڈی چھرکاں ارنیا گاﺅں میں ماٹر شل کی زد میں آگئی ۔ڈپٹی کمشنر جموں ارون منہاس کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف نے پاکستانی فائرنگ اور ماٹر شلنگ کا معقول جواب دیا ۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں پانچ کلو میٹر میں واقع تعلیمی اداروں کو آر پار فائرنگ اور ماٹر شلنگ کے بعد احتیاطاً بند کردیا گیا اور تا حکم ثانی یہ تعلیمی ادارے بند ہی رہیں گے ۔ادھر اطلاعات کے ہند پاک افواج کے درمیان تازہ ہلاکت خیز اور ماٹر شلنگ کے بعد سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ۔تفصیلات کے مطابق آر پار کئی گھرانے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوئے ۔صوبہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ،تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے ۔

دونوں ممالک کی افواج نے ایکدوسرے پر جنگ بندی2003معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ۔پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ سیکٹر میں ورکنگ باو¿نڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں5 خواتین جاں بحق اور 3 خواتین سمیت 5شہری زخمی ہوئے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے ورکنگ باو¿نڈری کے قریب سیالکوٹ میں چپھرار سیکٹر کے ایک سرحدی گاو¿ں کنڈان پور میں رات کے اندھیرے میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے 2خواتین جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 5 شہری زخمی بھی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا دعویٰ ہے کہ سرحد پر تعینات پنجاب رینجرز نے بھارتی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بھر پور جواب دیا اور بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی متعدد چوکیوں کو تباہ کردیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جند روٹ کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں لائن کمیونیکیشن کی مرمت کے کام میں مصروف پاک فوج کے 4 جوان ازجان ہوگئے تھے جبکہ پاکستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں3 بھارتی فوجی بھی ازجان ہوئے تھے

خیال رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کےلئے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

واضح رہے کہ نومبر2017 میں پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام کی ملاقات میں 2003 کے معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے باوجود دونوں ممالک کی افواج کے درمیان آئے روز فائرنگ اور ماٹر شلنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے ۔

ادھر پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باو¿نڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی اور دو پاکستانی خواتین کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باو¿نڈری پر سیالکوٹ کے چھیراڑ اور کنڈن پور میں سول آبادی پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور2 خواتین کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا گیا۔

دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی ساو¿تھ ایشیا اینڈ سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکواحتجاجی مراسلہ بھی دیا جس میں کہا گیا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ایل اوسی و ورکنگ باو¿نڈری پر صورتحال خراب ہورہی ہے، بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری کی خلاف ورزی کررہا ہے جو2003کے سیز فائر معاہدے سمیت عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، بھارتی عزائم خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔ پاکستان کسی بھی جارحیت اور ملکی حدود کی خلاف ورزی کا دفاع کرنے کے ساتھ ساتھ جوابی کارروائی اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے