سمجھوتہ ایکسپریس بند ہونے سے مشکل میں 35 ہندوستانی، ویزا 2 مارچ کو ہو رہا خَتم

جموں و کشمیر واقع پلوامہ میں پاکستانی تنظیم جیش محمد کے ذریعہ کرائے گئے خودکش حملہ کے بعد جو ہند-پاک کشیدگی شروع ہوئی ہے، اس کا اثر دھیرے دھیرے بڑھتا جا رہا ہے۔ 26 فروری کو ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ جیش محمد کے ٹھکانوں پر کیے گئے حملے کے بعد یہ کشیدگی اتنی بڑھ گئی کہ پاکستان نے ہندوستان آنے والی ٹرین سمجھوتہ ایکسپریس کو ہی بند کر دیا۔ اس کا اثر یہ ہوا کہ کئی ہندوستانی جو پاکستان گئے اور واپس آنے کا ارادہ رکھتے تھے، وہ بری طرح پریشانی میں پھنس گئے۔ سب سے زیادہ مسئلہ تو ان کے لیے ہے جن کے ویزا کی تاریخ 2 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان میں کم و بیش 35 ہندوستانی ملک واپس آنا چاہتے ہیں لیکن سمجھوتہ ایکسپریس بند ہونے کے سبب وہ مجبور ہو گئے ہیں۔ ان میں سے کئی ہندوستانیوں کا ویزا 2 مارچ کو ختم ہو رہا ہے، اور اس صورت میں اگر وہ ہفتہ کے روز وہاں سے نہیں نکلے تو آگے مزید پریشانیاں بڑھ سکتی ہیں۔ دراصل سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں صرف دو دن ہی چلائی جاتی ہے۔ ٹرین دہلی سے بدھ اور اتوار کو پہلے اٹاری بارڈر جاتی ہے اور پھر لاہور پہنچتی ہے۔ دوسری طرف ٹرین لاہور سے اٹاری کے لیے پیر اور جمعرات کو چلتی ہے جو کہ دہلی آتی ہے۔ چونکہ جمعرات یعنی 28 فروری کو ٹرین لاہور سے چلی ہی نہیں اس لیے جو لوگ اس ٹرین سے ہندوستان واپسی کا ارادہ رکھتے تھے، وہ پاکستان میں ہی پھنس گئے۔

Share This Article