اجلاس میں پلوامہ حملے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا
سرینگر: اسلامی ممالک کی تنظیم نے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے جس میں پلوامہ حملے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق اسلامی ممالک کی بین الاقوامی تنظیم، آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (اْو آئی سی) نے جموں کشمیر سے متعلق اپنے رابطہ گروپ کا ایک ہنگامی اجلاس کیا ہے۔یہ اجلاس پاکستان کی سفارش پر26فروری کے روز طلب کیا گیا ہے۔پاکستان سے شائع ہونے والے اخبارات کے مطابق اْو آئی سی نے پاکستان کی سفارش پر جموں کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے اور یہ اْو آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ پر منعقد ہوگا۔اس سلسلے میںاْو آئی سی کی طرف سے جو نوٹس جار ی کی گئی ہے اْس پر اطلاعات کے مطابق لفظ” اہم” درج ہے۔اجلاس میں کشمیر کی صورتحال پر غور کیا جائے گا، خاص کر اْس صورتحال کو زیر بحث لایا جائے گا جو لیتہ پورہ، پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہوئی ہے۔یہ اجلاس اْو آئی سی کے 46ویں سیشن سے پہلے بلایا گیا ہے جو یکم مارچ اور دوم مارچ کو ابو ظہبی میں منعقد ہونے والا ہے۔اس سیشن میں پہلی بار بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
