مغربی ہوائیوں کے وادی میں داخلہ کی وجہ سے سردیوں میں مزید اضافے کا امکان ، سرکاری مشنری متحرک
سرینگر/10جنوری: وادی میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے جاری شدید سردی کے بیچ محکمہ موسمیات نے جمعرات کی شام کے بعد برفباری اور بارش کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلیان وادی کو مزید کچھ روز تک سخت سردی کاسامنا کرنا ہوگا ۔ ادھر شہر سرینگر میں آج دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.0ڈگری جبکہ گذشتہ رات کا کم سے کم منفی 3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ادھر صوبائی انتظامیہ نے متعلقہ محکمہ جات کو ممکنہ برفباری کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے اور شاہراہ سے فوری برف ہٹانے کیلئے تیار رہنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برفباری کے نتیجے میں عام لوگوںکو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑنا چاہئے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی میں ماہ نمبر کے ابتدائی دنوں سے جاری کڑاکے کی سردی کے بیج محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات شام کے بعد وادی میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری اور بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ کے مطابق مغربی ہوائیوں نے وادی کارخ کیا ہے جس کے نتیجے میںاہلیان وادی کوسخت سردی کا سامنا کرنا پڑے گا۔محکمہ کے مطابق برفباری اور بارشوں کی وجہ سے وادی میں کچھ روز تک مزید سخت سردی ہوسکتی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے سرینگر جموں اور جموں سے سرینگر کے درمیان سفر کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ رخت سفر باندھے سے پہلے موسم کی جانکاری حاصل کریں تاکہ بعد میں کچھ پریشانی نہ ہو۔ ادھر سرینگر میں آج دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.0ڈگر رہا جبکہ گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت باالترتیب منفی11.4اورمنفی8.5ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ لداخ خطے کے لیہہ میں یہ منفی15اور کرگل میں منفی18.2ڈگری سیلشیس درج کیا گیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کی جانب سے برفباری کی تازہ پیشن گوئی کے مد نظر صوبائی انتظامیہ نے تمام اضلاع میں انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ برفباری سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں اور تمام مشنری کو تیاری کی حالت میں رکھنے کا صلاح دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برفباری کی وجہ سے عام لوگوںکو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔سی این آئی کے مطابق ضلع افسران سے کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام اضلاع میں موجود ہسپتال کی طرف جانے والے سڑکوں سے سب سے پہلے برف ہٹانے کا کام کیا جانا چاہئے ۔دریں اثناء ناسازگار موسمی حالات کی پیشن گوئی کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کل مختلف محکموں کے آفیسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے تیاریوں کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران علاقائی سطح پر مختلف محکموں کی طرف سے کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا گیا تاکہ برفباری کی صدارت میں لازمی خدمات میں خلل کو روکا جاسکے۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ سرینگر میں ایم ای ڈی اورایس ایم سی پہلے ہی متحرک ہیں اور برف ہٹانے کے لئے 23مشینوں کے علاوہ 4000 افرادی قوت اور22جے سی پیز کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔میٹنگ میں یہ جانکاری بھی د ی گئی کہ سرینگر شہر میں تمام 80ڈی واٹرنگ اسٹیشن اور 115موبائیل پمپنگ اسٹیشن چالو حالت میں ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے حساس جگہوں پر برف ہٹانے کی مشینوں کو تیار رکھنے پر زوردیا تاکہ برفباری کی صورت میں انہیں فوری طور استعمال کیا جاسکے۔اس دوران محکمہ تعمیرات عامہ کو ایس ایم سی کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔انہوںنے ضرورت پڑنے پر تمام اندرونی گلیوں اورسڑکوںسے پانی کی نکاس کے لئے اقدامات کرنے پر زوردیا۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ تمام محکموں کی طرف سے کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں تاکہ امکانی ناسازگار موسمی حالات کے دوران عوام کی راحت رسانی کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔

