ویڈیو: اے آئی پی کا یو این مارچ پولیس نے بنایا ناکام ،انجینئر رشید سمیت درجنوں گرفتار

By
4 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

کل پارٹی فوجی ہیڈ کوارٹر بادامی باغ کے باہر دن بھر کیلئے دھرنا دے گی

سرینگر/16دسمبر: پولیس نے آج عوامی اتحاد پارٹی کی طرف سے پلوامہ ہلاکتوں کے خلاف سرینگر میں واقع اقوام متحدہ کے دفتر کی طرف مارچ کو طاقت کے بل پر ناکام بنایا ۔ پولیس کی بندشوں کے باوجود راجباغ سے سینکڑوں لوگوں نے انجینئر رشید کی سربراہی میں لالچوک کی طرف مارچ شروع کیا ۔ مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کالے جھنڈے لئے ہوئے پلوامہ ہلاکتوں کے خلاف زوردار نعرے بازی کرتے ہوئے آگے بڑھے لیکن زیرو برج کے قریب پولیس کی بھاری جمعیت نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکا اور انجینئر رشید سمیت ایک درجن کارکنوں کو گرفتار کرکے راجباغ تھانے میں بند کیا ۔سی این آئی کے مطابق گرفتاری سے قبل اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر رشید نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ــ’’پلوامہ کی ہلاکتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ نئی دلی کے پاس کشمیر مسئلہ کے حل کیلئے مار دھاڑ ، قتل عام ، پی ایس اے ، AFSPAاور گولیوں کے سوا کوئی حل نہیں ہے ۔ یہ بات اب کسی ابہام کے بغیر کہی جا سکتی ہے کہ نئی دلی نے کشمیریوں کے قتل عام کی وردی پوشوں کوکھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور ایسا کرنا قومی مفاد کا دوسرا نام رکھا گیا ہے ۔ نہ صرف پولیس سربراہ بلکہ فوج کے سربراہ اور ریاست کے گورنر کو پلوامہ ہلاکتوں کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے اور یہ بات سمجھنی چاہئے کہ نام نہاد مذمتی بیانوں اور تحقیقاتی حکمناموں سے کسی کی جان واپس نہیں آتی ۔ جہاں آئے روز کی ہلاکتیں قابل مذمت ہیں وہاں وردی پوش اہلکاروں کو سمجھنا ہوگا کہ بے گناہوںکے خون سے ہاتھ رنگنے کے بعد کیا انہیں حفاظتی فورسز کہلانے کا خود کو کوئی حق بھی حاصل ہے یا نہیں ‘‘۔ انجینئر رشید نے عالمی اداروں پر زورد یا کہ کشمیر میں ہو رہی نسل کشی کا نوٹس لیں اور ہندوستانی پروپگنڈے کی اصلیت کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔ انجینئر رشید نے اس بات کو دہرایا کہ کشمیر مسئلہ کا حل رائے شماری کے بغیر کچھ بھی نہیں اور وردی پوش اہلکاروں کی طرف سے مسلسل طاقت کا بے تحاشہ استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ نئی دلی کے پاس مسئلہ کا کوئی سیاسی حل نہیں ہے ۔ انجینئر رشید نے فوج کے سربراہ بپن رائوت اور ADGلا اور آرڈر کی طرف سے پلوامہ ہلاکتوں کو جواز بخشنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ جموں کشمیر کا تنازعہ ہرگز امن و قانون کا مسئلہ نہیں اور اسے حل کئے بغیر بندوق کے بل پر امن قائم کرنا کسی کیلئے بھی ممکن نہیں ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ چناچہ پلوامہ ہلاکتوں میں فوج براہ راست ملوث ہے لہذا پارٹی کل بادامی باغ میں واقع فوج کے ہیڈ کوارٹر کے باہر پُر امن دھرنا کا اہتمام کرے گی تاکہ AFSPAکے غلط استعمال کے متعلق فوج کو اس کی چیرہ دستیوں سے باخبر کرایا جائے۔ پارٹی کارکنوں نے چناب ویلی کے مختلف علاقوں بشمول بھدرواہ ، بانیہال اور دیگر مقامات پر بھی پارٹی کے ضلع صدر بھدرواہ نجم الثاقب اور دیگر کارکنوں کی سربراہی میں پلوامہ ہلاکتوںکے خلاف زوردار مظاہرے کئے اور کشمیریوں کے ساتھ اپنی بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ۔

Share This Article