صوبہ کشمیر میں نویں جماعت کے فسٹ ٹرم امتحانات شروع

48ہزار20طلاب کیلئے 914امتحانی مراکز ،نگرانی کیلئے ٹیمیں تشکیل

سرینگر:١٦،جولائی:/ صوبہ کشمیر میں پیر کو نویں جماعت کے فسٹ ٹرم امتحانات شروع کا آغاز ہوا ۔محکمہ تعلیم نے 48 ہزار 20طالب علموں کے لئے 914امتحانی مراکز قائم کئے ہیں ۔ ناظم تعلیم ڈاکٹر جی این ایتونے امتحانی عملے پر زور دیا کہ وہ امتحانات کے انعقاد کے دوران طلباء کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے پر ہر سطح پر اقدامات اٹھائے۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق صوبہ کشمیر کے تمام سرکاری سکولوں میں نویں جماعت کے فسٹ ٹرم امتحانات آج سے شروع ہوئے۔ ان امتحانات میں کل 48020طالب علم شرکت کر رہے ہیں جن کے لئے محکمہ تعلیم کی طرف سے 914امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے طالب علموں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت اُجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانات کے انعقاد کے دوران خوشگوار ماحول فراہم کرنے سے طلباء اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے تمام وابستہ امتحانی عملے پر زور دیا ہے کہ وہ امتحانی مراکز میں خوشگوار ماحول کو یقینی بنائیں ۔ ڈاکٹر ایتو نے ان خیالات کا اظہار آج امتحانات کے پہلے دن جوائنٹ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن سینٹرل کو شہر میں قائم کردہ کئی امتحانی مراکز کا معائنہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کیا۔ ہدایات کی پیروی کے تحت جوائنٹ ڈائریکٹرسینٹرل عابد حسین نے چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر مدثر کلیم فاضلی اور دیگر افسران کے ہمراہ شہر میں قائم کئے گئے کئی امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے طلباء کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گرلز ہائرسیکنڈر ی سکول رعناواری،بائز ہائرسیکنڈری سکول حضرت بل اور گرلز ہائر سیکنڈری سکول خانیارمیں امتحانی مراکز کے طالب علموںاور اساتذہ سے استفسار کرتے ہوئے نظم و ضبط اور خوشگوار ماحول فراہم کئے جانے پر زور دیا۔ معائنے کے دوران جوائنٹ ڈائریکٹر نے عملے سے طالب علموں کی حاضری اور دیگر معاملات سے متعلق تفصیلات طلب کیں۔ واضح رہے کشمیر ڈیوژن میں نویں جماعت کے فسٹ ٹرم امتحانات لیہہ اور کرگل سمیت تمام اضلاع میں آج سے شروع ہوئے اوراس طرح 21جولائی کو6 دن کی قلیل مدت میں اختتام پزیر ہونگے جس کے احسن انعقاد کے لئے محکمہ تعلیم نے خواطر خواہ انتظامات کئے ہیں۔ امتحانات سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ناظم تعلیم نے کہا ہے کہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق آج انگریزی پرچے کا امتحا ن لیا گیااور ہماری یہ کوشش ہوگی کہ بہت ہی قلیل مدت میں امتحانات کا انعقاد مکمل کیا جائے تاکہ یہ طالب علم جلد از جلد دوبارہ درس و تدریس کی سرگرمیوں میں جُٹ جائیں۔

Share This Article