ایسے حر بے مزاحمت پسند عوام کو پشت بہ دیوار کرنے کے سوا کچھ نہیں:حریت (ع)
سری نگر:۴،جولائی :/ حریت کانفرنس (ع)نے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے3نوجوانوں پر پی ایس اے کے تحت گرفتاری کو حکومتی جارحیت سے تعبیر کیا ۔کے این این کو موصولہ تحریری بیان کے مطابق حریت کانفرنس (ع)نے ریاستی حکمرانوں کی جانب سے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں شبیر احمد راتھر ولد غلام حسن راتھر ، مشتاق احمد شیخ داماد مہر علی اور اعجاز احمد ملک ولد غلام محمد کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کرکے کٹھوعہ جیل منتقل کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے اور بے گناہ شہریوں کیخلاف حکومتی سطح پر جاری رکھی جار ہی جارحیت کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں ہے اور اس طرح کے حربے یہاں کے مزاحمت پسند عوام کو پشت بہ دیوار کرنے کے مذموم ہتھکنڈوں کے سوا کچھ نہیں۔بیان میں بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں فوج اور فورسز کی جانب سے طویل کریک ڈاؤن اور ہزاروں کی آبادی کو طاقت کے بل پر گھنٹوں محصور کئے جانے ، پوچھ تاچھ کی آڑ میں شناختی پریڈکرانے اور نہتے مظاہرین کیخلاف ٹیئر گیس شیلنگ اور طاقت اور تشدد کے بے پناہ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کے آمرانہ حربوں سے حریت پسند عوام کو نہ تو زیر کیا جاسکتا ہے اور نہ ان کے دلوں سے آزادی کی امنگ زائل کی جاسکتی ہے ۔اس دوران حریت چیرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ کی قیادت میں ایک وفد نے برزلہ ہسپتال جاکر گزشتہ دنوں پلوامہ میں ایک مظاہرے کے دوران فورسز کی پُر تشدد کی کاررروائیوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت کی اور حریت قیادت کی طرف سے ان کے ساتھ تسلیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔وفد نے لدو پانپور جاکر کمسن شہید فیضان احمد کے لواحقین خاص طور اس کے والد کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اورانہیں یقین دلایا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پوری قوم اور قیادت ان شہداء کی قربانیوں کی حفاظت کے تئیں وعدہ بند ہے۔جبکہ ایک اور حریت وفد جس میں غلام نبی زکی، غلام نبی نجار اور غلام محمد پنڈت شامل تھے نے چوگل ہندوارہ جاکر گزشتہ دنوں ایک عسکری معرکے دوران شہید کئے گئے عسکری پسند شہید سجاد احمد شاہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا جبکہ جناب میرواعظ نے ٹیلیفون کے ذریعہ شہید کے والد کے ساتھ اس سانحہ پر اپنے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کی قربانیاں ہماری رواں جدوجہد کا قیمتی اثاثہ ہیں اور یہ پوری حریت پسند قیادت اور قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہدائے کشمیر کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے۔اس دوران حریت ترجمان نے گزشتہ روز کشمیر کے متعدد علاقوں میں طوفانی باد و باراں ، قہر انگیز ژالہ باری اور شدید بارشوں کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اللہ کے حضور سربسجود ہوکر اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ اللہ کے فضل و کرم واور اس کی رحمت کیلئے توبہ و استغفار اوردعاؤں کا اہتما م کریں۔

