3افسران سمیت4 فورسزاہلکار اور ایک عام شہری ہلاک
5اہلکار شدید زخمی ،حسب روایت ایکدوسرے پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا
جموں:۱۳،جون:کے این این/ ہند پاک کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمدر پر اتفاق کے بیچ’برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج کے درمیان خونین سرحدی تصادم ‘ کے نتیجے میں آر پار اسسٹنٹ کمانڈنٹ اور 2جونیئر افسران سمیت سرحدی حفاظتی فورس( بی ایس ایف) کے4اہلکار اور ایک عام شہری لقمہ اجل اور 5دیگر اہلکار زخمی ہوئے ،جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں کئی ایک حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ تازہ سرحدی ٹکراؤ صوبہ جموں کے ضلعے سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں پیش آیا ،جسکی تصدیق آئی جی بی ایس ایف(جموں فرنٹیئر)رام اوتار اورریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے بھی کی ۔اس دوران حسب روایت دونوں ممالک کی افواج نے ایکدوسرے پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق ہند پاک کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمدر پر اتفاق کے بیچ سیز فائر کی متواتر خلاف ورزیوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جبکہ تازہ خونین سرحدی تصادم کے نتیجے میں آر پارایک اسسٹنٹ کمانڈ نٹ اور2جونیئر افسران سمیت سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے4اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک اور5دیگر فورسز اہلکار زخمی ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ تازہ سرحدی ٹکراؤ صوبہ جموں کے ضلعے سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں پیش آیا ۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ رام گڑھ سیکٹر میں منگلوار کی درمیانی رات کو ہند پاک افواج کے درمیان شدید نوعیت کی گولیوں کا تبادلہ ہوا جس میں بھارتی سرحدی حفاظتی فورس کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔آئی جی بی ایس ایف(جموں فرنٹیئر)رام اوتار نے واقعہ کی تصدیق کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی رینجروں نے رام گڑھ سیکٹر سانبہ جموں میں بلا اشتعال سیز فائرنگ سے اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت4اہلکار ہلاک اور 3دیگر اہلکار زخمی ہوئے ۔ان کا کہناتھا کہ پاکستانی رینجررس اور بی ایس ایف حکام کے درمیان یہ طے پایا گیا تھا کہ بین الاقوامی سرحد پر سیز فائر کی پاسداری کا احترام کیا جائیگا اور کوئی خلاف ورزی نہیں جائیگی ،تاہم اِسکے باوجود پاکستانی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ۔اس دوران ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ رام گڑھ سیکٹر جموں میں بین الاقوامی سرحد پر سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت4بی ایس ایف اہلکار ازجان ہوئے جبکہ5دیگر اہلکار زخمی ہوئے ۔مہلوکین کی شناخت34سالہ اسسٹنٹ کمانڈ نٹ جتندر سنگھ ،32سالہ سب انسپکٹر راجیش کمار،28سالہ کانسٹیبل ہنس راج گجر اور 52سالہ اسسٹنٹ ایس آئی رام نواس کے ناموں سے ہوئی ۔ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہند پاک افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ منگلوار کی شب10بجکر30منٹ پر فائرنگ شروع ہوئی ،جو بدھ کی صبح ساڑھے 4بجے تک جاری ہی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف کو فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا بی ایس ایف اہلکار گزشتہ شب یا بدھ کی علی الصبح فائرنگ میں لقمہ اجل بن گئے ،تاہم بی ایس ایف نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا بھر پور جواب دیا ۔بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ29مئی کو دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کی جانب سے سیز فائر کی پاسداری کا احترام کرنے پر اتفاق رائے پید اہونے کے جانے بین الاقوامی سرحد پر رواں مہینے میں یہ دوسری بڑی سیز فائر کی خلاف ور زی کی گئی ۔(بی ایس ایف ڈی آئی جی ۔رینجرس بریگیڈر ) کے درمیان4جون کوکمانڈ نٹ سطح کی فلیگ میٹنگ ہوئی تھی ۔3جون کو 2بی ایس ایف اہلکار جن میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھی شامل ہے ،ہلاک ہوئے اور10افراد جن میں بیشتر عام شہری تھے ،زخمی ہوئے ۔اس روز بین الاقوامی سطح پر ہند پاک افواج کے درمیان پراگوال ،کانچک اور کھور سیکٹروں میں آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا تھا ۔امسال بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ہوئی گولہ باری کے تبادلے میں اِس پار 50افراد ہلاک ہوئے جن میں 24فورسز اہلکار بھی شامل ہے ۔ گزشتہ ماہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کے نتیجے میں جموں ،کٹھوعہ اور سانبہ کے 3اضلاع بری طرح سے متاثر ہوئے اور ایک لاکھ نفوس کو نقل مکانی کرنی پڑی تھی ۔15اور23مئی کو12افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں2بی ایس ایف اہلکار بھی شامل ہے ۔ادھر پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں سرحد کے قریبی گاؤں میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک مقامی شہری جاں بحق ہوگیا۔مقامی انتظامیہ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمدر پر اتفاق کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور کے گاوں تروتی دھرمسال کے رہائشی محمد شکیل بھارتی فائرنگ کا نشانہ بنا۔پولیس افسر حسن وزیر آفریدی کا کہنا تھا کہ ’جاں بحق ہونے والے 45 سالہ شخص اپنے گھر کے قریبی مویشیوں کو چرا رہے تھے کہ بلااشتعال فائرنگ سے ایک گولی ان پر لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے‘۔یاد رہے کہ ۹۲ مئی کو پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹڑ جنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن میں رابطے میں ایل اوسی اور ورکنگ باونڈری میں شہری آبادی کو نشانہ نہ بنانے اور2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر اتفاق کیا تھا۔دونوں ڈی جی ایم اوز کے رابطے کے دو روز بعد ہی ضلع پونچھ میں یکم جون کو دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ ہوئی۔پاکستانی حکام کے مطابق دو روز بعد سیالکوٹ میں ورکنگ باونڈری پر ہوئی شیلنگ سے معمر خاتون اور ایک کم سن بچی جاں بحق اور 24 دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ایل او سی کے قریب کوٹلی میں فائرنگ سے دو شہری زخمی ہوئے تھے ۔پاکستانی حکام کے مطابق ریاستی ڈیزاسٹر منیجنمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق رواں سال ایل او سی میں بھارتی فوج کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے دوران فائرنگ سے کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 122 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔پاکستانی حکام کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2017 میں46 افراد جاں بحق اور262 زخمی ہوئے تھے جبکہ 2016 میں یہ تعداد بالترتیب 41 اور 142 تھی۔
ہند پاک افواج کے درمیان خونین سرحدی تصادم

