بانڈی پورہ :3سے جنگجوؤں کے خلاف آپریشن ہنوز جاری

By
5 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!
File Picture

طرفین کے مابین تازہ گولیوں کے تبادلے میں 2فوجی اہلکار زخمی :ذرائع

بانڈی پورہ:۱۱،جون:کے این این /ٍٍٍٍ بانڈی پورہ میں 3روز سے جاری وسیع پیمانے پر جنگجومخالف آپریشن کے دوران پانار جنگلات میں طرفین کے مابین تازہ شدید گولیوں کے تبادلے میں2فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔جنگلات میں موجود جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے مزید فوجی کمک طلب کی گئی ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق 26مئی سے 11جون تک شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک کپوارہ ضلعے کے گھنے جنگلات میں جنگجوؤں اور فوج کے درمیان خونین معرکہ آرائیوں میں 16جنگجو اور ایک فوجی اہلکار لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد اہلکاروں زخمی بھی ہوئے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پانار بانڈی پورہ میں مشکوک نقل وحرکت دیکھنے کے بعد فوج نے بڑے پیمانے پر یہاں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فوج کو ایک اطلاع ملی کہ علاقے میں جدید ہتھیاروں سے لیس جنگجوؤں کا ایک گروہ موجود ہے اور اطلاع ملتے ہی فوج نے علاقے کا محاصرہ کیا اور جنگجوؤں کی تلاش شروع کردی ۔ذرائع نے بتایا کہ سنیچر وارکی شب سے باندی پورہ میں یہ آپریشن جاری ،جس میں طرفین کے مابین ہوئے گولیوں کے تبادلے میں 2فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔ذرائع نے بتایا کہ پانار بانڈی پورہ کے گاؤں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فوج اور جنگجو ؤں کے درمیان آمنا سامنا ہوا ،جس دوران جنگجوؤں نے تلاشی کارروائی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کی ۔معلوم ہوا ہے کہ فوجی نے بھی جوابی کارروائی میں فائرنگ کی جسکی ساتھ ہی طرفین کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ۔ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں اور فوج کے درمیان گولیوں کے تبادلے کے دوران فوج کے2اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوئے ،جنہیں علاج ومعالجہ کی فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق پیر کی صبح سے جنگجوؤں اور فوج کے درمیان جنگلی علاقے میں شدید نوعیت کی جھڑپ جاری ہے جبکہ یہاں موجود جنگجوؤں پر قابو پانے کیلئے جنگلی علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا جبکہ آپریشن کیلئے مزید فوجی کمک طلب کی ۔ذرائع نے بتایا کہ وسیع اور گھنے جنگلات میں جنگجوؤں نے پناہ لی ،جنہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے فوج نے وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی جبکہ تادم تحریر علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن جا ری تھا ،جس میں14آر آر کے2اہلکار زخمی ہوئے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شمالی کشمیر میں 26مئی سے 11جون تک جنگجوؤں اور فوج کے درمیان خونین معرکہ آرائیوں میں 16جنگجو اور ایک فوجی لقمہ اجل بن گئے۔26مئی کو فوج نے سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں حد متارکہ پر در اندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا ۔دفاعی ترجمان کا کہنا تھا کہ در اندازی کی کوشش کے دوران فوج اور در اندازوں کے مابین ہفتہ کی علی الصبح جھڑپ ہوئی ،جس دوران5عدم شناخت در انداز جاں بحق ہوئے ۔31مئی کوفوج نے دعویٰ کیا تھا کہ قاضی آباد ہندوارہ کے جنگلات میں شبانہ معرکہ آرائی کے دوران 2عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوئے۔6جون کو وزیر داخلہ کے دورہ کشمیر سے قبل فوج نے سرحدی ضلع کپوارہ میں تیسری در اندازی کی کوشش کو ناکام بنا نے کا دعویٰ کیا تھا ۔دفاعی ترجمان کے مطابق مژھل سیکٹر میں در اندازی کی کوشش کے دوران فوج اور در اندازوں کے مابین بدھ کی علی الصبح جھڑپ ہوئی ،جس دوران3عدم شناخت در انداز جاں بحق ہوئے جبکہ علاقے میں جنگجومخالف آپریشن ہنوز جاری ہے ۔7جون کو سرحدی ضلع کپوارہ میں تین سیکٹروں میں تین در اندازی کی کوششوں کے بیچ کیرن سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک جنگجوؤں نے فوج پر حملہ کیا جسکے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار کی موت ہوگئی جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا ۔10جون شمالی کشمیرمیں 2ہفتوں کے دوران دراندازی کی چوتھی بڑی کوشش کوناکام بنانے کادعویٰ کرتے ہوئے فوج نے کہاتھاکہ کیرن سیکٹرمیں حدمتارکہ کے نزدیک اتوارکوعل الصبح خونین معرکہ آرائی میں 6جنگجوجاں بحق ہوگئے۔

Share This Article