اہم مقدمہ میں قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا،سزا بھی متوقع
سرینگر:۱۰،جون:/ وزیر اعلیٰ کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے سابق وزیر جنگلات وماحولیات چودھری لال سنگھ کے روپوش بھائی کو ریاستی پولیس نے راجستھان سے گرفتار کرلیا ۔اس سلسلے میں کے این این کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کٹھوعہ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے اتوار کو سابق کابینی وزیر چودھری لال سنگھ کے بھائی کو راجستھان سے گرفتار کیا ۔راجندر سنگھ جس نے ہیرا نگر میں ایک ریلی کے دوران ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کی تھی ،گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہوگیا تھا ۔پولیس نے اسکی گرفتاری کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی ،جس کے بعد پولیس نے دوران تفتیش اسے جودھ پور راجستھان سے گرفتار کیا ۔ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیکنیکی سراغ رساں ذرائع کا استعمال کیا گیا ۔ملزم کو کٹھوعہ لایا جائیگا ،جہاں اُسکے خلاف پولیس تھانہ ہیرانگر میں ایک مقدمہ درج ہے ۔یاد رہے کہ 20مئی 2018کو رسانہ عصمت ریزی وقتل معاملہ کی سی بی آئی انکوائری کے لئے بھاجپالیڈرچوہدری لال سنگھ کی طرف سے نکالی گئی ’ڈوگرہ سوابھیمان ریلی‘‘ میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف فعاش زبان استعمال کرنے والے راجندر سنگھ کی گرفتاری کے لئے پولیس نے اشتہار نکالا تھا۔ضلع پولیس ہیڈکوارٹر سے ایک اشتہار نکالاگیاتھا جس کو جموں صوبہ سے چھپنے ہونے والے کئی موقر اخبارات میں شائع کروایاگیا۔ اس اشتہار میں کی نمایاں سرخی ’مطلوب ہے‘یعنی وانٹیڈ اشتہار میں کہاگیا ہے راجندر سنگھ عرف بابی ولدآنجہانی شری سرن سنگھ ساکنہ وارڈ نمبر02کٹھوعہ ایف آئی آر نمبر87/2018زیردفعات501/509ررنبیر پینل کوڈ اور دفعہ66/67انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ ہیرا نگر میں درج ہے۔ اشتہار میں کہاگیا تھاکہ چونکہ مقدمہ سنگین اور اہم ہے اور ملزم اپنی گرفتاری سے بچ رہاہے، لہٰذا اس کے فوٹوگراف اور دیگر تفصیلات شائع کی جاتی ہیں اور اپیل کی جاتی ہے کسی بھی شخص کو اس کے بارے میں کوئی بھی جانکاری ہو تو وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن کٹھوعہ،پی سی آر کٹھوعہ اور پولیس تھانہ ہیرا نگر کو مطلع کرے۔ مع تصویر اشتہار میں ملزم سے متعلق جوتفصیلات دی گئی ہیں، اس کے مطابق راجندر سنگھ کی عمر48برس، آنکھیں کالی، صحت مند اور جسم کی جسمامت چوڑی بتائی گئی ہے۔ ایس ایس پی کٹھوعہ کے مطابق جانکاری دینے والے کا نام وپتہ راز میں رکھاجائے گا اور اس کو موزوں انعام بھی دیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف ریلی کے دوران فحاش زبان استعمال کرنے پر ملزم راجندر سنگھ کے خلاف رنبیر پینل کوڈ کی جودفعات لگائی گئی ہیں، ان میں دفعہ509میں عورت کی عصمت کی توہین کرنے والے کو ایک سال کی سزا، جرمانہ یادونوں ہوسکتا ہے۔ دفعہ501کے تحت جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزا 2سال اورجرمانہ یا دونوں ہوسکتے ہیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دفعہ 66کے تحت تین سال تک کی سزا اور پانچ لاکھ روپے تک کا جرمانہ جبکہ دفعہ67کے تحت تین سال کی سزا اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ ہے اور جرمانہ دس لاکھ تک بھی کیاجاسکتاہے۔

