سرینگر:۹،جون:کے این این / پاکستان کا الزام ہے کہ حد متارکہ پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور ماٹر شلنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت2عام شہری زخمی ہوئے ۔کے این این مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق پاکستانی حکام نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے کوٹلی علاقے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2عام شہری زخمی ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے کوٹلی علاقے میں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مارٹر شیل فائر کئے جس کے نتیجے میں ایک شخص اور ایک خاتون زخمی ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنر علی اصغر کے مطابق کھوئیرٹا تحصیل کے گاؤں جنجوٹ بہادر میں حمزہ صدیقی نامی شخص اور سویرا خاتون مارٹر شیل کے آہنی ریزے لگنے سے زخمی ہوئے۔ڈان اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال ایک مارٹر گولہ فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے مابین گزشتہ ماہ 29 مئی کو سرحد کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سمجھوتہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاک بھارت ورکنگ باؤنڈری پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے کی ضمانت دی گئی تھی۔اس کے ساتھ دونوں اعلیٰ افسران نے اس بات پر بھی رضامندی کا اظہار کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان 2003 کے سیز فائر کے معاہدے پر فوری طور پرعمل درآمد کیا جائے گا، اور سرحد کے اطراف جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔تاہم سمجھوتے کے محض 72گھنٹوں بعد ہی ہند پاک افواج کے درمیان آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔
