جملہ اسیران زندان ضمیر کے قیدی:سید علی گیلانی

By
3 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!
Kashmiri separatist leader Syed Ali Shah Geelani

کشمیری قوم کوئی جرائم پیشہ قوم نہیں،80برس کے معمر اور بزرگ محبوسین کا صبر قابل تحسین

سری نگر:۷،جون:/ سید علی گیلانی نے جملہ اسیران زندان کو ضمیر کے قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم کوئی جرائم پیشہ قوم نہیں ہے، جنہیں جرائم کی پاداش میں جیل خانوں میں ٹھونسا جاتا ہے۔کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق سید علی گیلانی نے جموں کشمیر کے جملہ حریت پسند اسیران زندان کو ضمیر کے قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ان محبوسین کی واحد خطا اپنے پیدائشی حق ’’حقِ خودارادیت‘‘ کا مطالبہ ہے۔ حریت راہنما نے ریاست سے باہر بھارت کے تہاڑ، جودھپور، بنگلور جیل خانوں کے علاوہ کوٹ بلوال، ریاسی، کٹھوعہ، اُدھم،پور، مٹن، بارہ مولہ، پلوامہ اور سرینگر سینٹرل جیل میں 80برس کے معمر اور بزرگ محبوسین سمیت کم سن جوانوں کے صبرو استقلال کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم کوئی جرائم پیشہ قوم نہیں ہے، جنہیں جرائم کی پاداش میں جیل خانوں میں ٹھونسا جاتا ہے، بلکہ ہمارے سبھی حریت پسند محبوسین کو سیاسی انتقام گیری کے تحت جیل خانوں کے اندر حبس بے جا میں رکھا گیا ہے۔ حریت راہنما نے آر ایس ایس کے اشاروں پر ناچنے والی ریاست کی موجودہ کٹھ پتلی، متعصب اور فرقہ پرست حکومت کے علاوہ جیل حکام کی طرف سے محبوسین کو انسانیت سوز اذیتوں میں مبتلا کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خوردنی سپلائی کرنے کے علاوہ انہیں طبی سہولیات سے محروم رکھنے کی غیر انسانی کارروائیوں کو قیدیوں کے حقوق پر شب خون مارنے سے تعبیر کیا اور ان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ حریت راہنما نے پچھلے دو برسوں سے مسلسل قیدوبند کی صعوبتوں میں مبتلا سینئر حریت پسند راہنما میر حفیظ اللہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ موصوف اس وقت تھانہ صدر اسلام آباد میں علیل حالت میں ایام اسیری گزاررہا ہے۔ میر حفیظ اللہ شوگر، پراسٹیٹ اور گردوں کی بیماری میں مبتلا ہے اور ڈاکٹر صاحبان نے انہیں گردوں کا فوری طور آپریشن کرنے کی صلاح دی ہے، لیکن انتظامیہ میر حفیظ اللہ سے سیاسی انتقام لینے پر اس قدر ہٹ دھرمی اور ضد کا مظاہرہ کررہی ہے کہ انہیں لاحق بیماریوں کا علاج کرنے سے محروم رکھا جارہا ہے۔ حریت راہنما نے قابض انتظامیہ کی لاقانونیت اور انتقام گیری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میر حفیظ اللہ متعدد پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم ہونے کے باوجود پولیس تھانہ میں علیل حالت میں قید ہیں، یہ سفاکیت اور بربریت کا نمایاں مظاہرہ ہے۔

Share This Article