کٹھوعہ میں پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلر کی جائیداد ضبط: پولیس

By
3 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

جموں وکشمیر پولیس نے ضلع کٹھوعہ میں پاکستان میں مقیم ایک دہشت گرد ہینڈلر کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر دیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کٹھوعہ پولیس نے ایس ایس پی کی مجموعی نگرانی میں پولیس اسٹیشن بلاور کے حدود میں پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلر کی غیر منقولہ جائیداد کو ایڈیشنل سیشن کورٹ جموں کے احکامات کی تعمیل میں ضبط کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 142/2024 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی جو پولیس اسٹیشن بلاور میں یو اے پی اے ایکٹ کے متعلقہ دفعات اور بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت درج ہے۔

پولیس کے مطابق ضبط شدہ جائیداد 7.5 مرلہ اراضی پر مشتمل ہے جو کھاتہ نمبر155/152،خسرہ نمبر995/726 کے تحت تحصیل لوہائی ملہار ضلع کٹھوعہ میں واقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جائیداد سوار دین عرف سورو ولد امی دین ساکن بھٹوڑی تحصیل لوہائی ملہار ضلع کٹھوعہ کی ملکیت ہے جو اس وقت پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلر کے طور پر سرگرم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزم پاکستان/ پاکستان زیر قبضہ کشمیر فرار ہوچکا ہے اور تب سے ملک کی سلامتی اور خود مختاری کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ قانونی کارروائی سے مسلسل فرار رہنے کے باعث معزز عدالت نے ملزم کو اشتہاری مجرم قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ پولیس کی جانب سے گرفتاری کے لئے مسلسل کوششوں کے باوجود وہ قانون کی گرفت سے باہر رہا جس پر معزز عدالت نے اس کی غیر منقولہ جائیداد کی ضبطی کا حکم جاری کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ عدالت کے احکامات پر عملدر آمد کرتے ہوئے کٹھوعہ پولیس نے محکمہ مال کے قریبی تعاون سے تمام قانونی تقاضے، تصدیق اور دستاویزی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مذکورہ جائیداد کی ضبطی عمل میں لائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دہشت گرد نیٹ ورکس کے مالی اور لاجسٹک ڈھانچے کو منہدم کرنے کی وسیع اور مسلسل حکمت عملی کا حصہ ہے۔

Share This Article