سرینگر:جواہر ٹنل کے آر پارپوری ریاست میں منگل کی دوپہرزلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے، تاہم کسی جگہ سے کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریکٹر پیمانے پرزلزلے کی شدت 3.3تھی اور اس کا مرکزریاست کے اندر ہی تھا۔
وادی کے اطراف و اکناف میںمنگل کی دوپہر12بجکر41منٹ پرزلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے نتیجے میں رہائشی مکانوں اور دیگر عمارات کے درودیوار ہل گئے ۔یہ ہلکی نوعیت کا زلزلہ تھا اوربیشتر لوگوں نے محسوس نہیں کیا، البتہ کسی کسی جگہ لوگ خوف وہراس کے عالم میںگھروں سے باہر آئے۔سرینگر اور اس کے مضافات میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس ہوئے ۔
یہ زلزلہ وادی کے شمال و جنوب کے ساتھ ساتھ جموں خطے کے بیشتر علاقوں میں بھی محسوس کیا گیا اوراس کے جھٹکے کچھ سیکنڈ تک ہی جاری رہے ۔کے ایم این کے مطابق ریکٹر پیمانے پر زلزلے کی شدت3.3ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا مرکزجموں کشمیرکے مرکزی علاقے میں سطح زمین سے 5کلومیٹر گہرائی میںتھا۔زلزلے سے کسی بھی علاقے میںکسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔واضح رہے کہ وادی کشمیر دنیا کے ایسے خطوں میں شمار کی جاتی ہے جہاں زلزلوں کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔

