سرینگر نیشنل کانفرنس نے امریکہ کی طرف سے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرپ کے تاناشاہی پر مبنی اس اعلان سے عالم اسلام کے دل مجروح ہوئے ہیں اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ تمام امن پسند اور مہذب ممالک اس اقدام کی مذمت اور ملامت کررہے ہیں اور ٹرنپ کے اس اعلان کو یکسر مسترد کردیاہے۔ پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں امریکہ کے اعلان کو بلاجواز اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلسطینی عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے جو اقوام عالم کو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مہذب ممالک نے بھرپور طریقے سے فلسطینیوں کے ساتھ اپنے حمایت کا اعلان کیا ہے اور اہل جموں وکشمیر بھی فلسطین بھائیوں کے شانہ بہ شانہ ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وہ امریکہ کے اس اعلان کے بارے میں اپنا موقف صاف صاف کرے، بھارت ہمیشہ فلسطین کے کاز اور علیحدہ فلسطینی مملکت کی حمایت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا اعلان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی اقدام دنیا بھر کے مسلمانوں کو اشتعال دلا سکتا ہے جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن، سلامتی اور استحکام کیلئے سنگین ہو سکتاہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اُمید ظاہر کی کہ جمعہ کو منعقد ہونے والے سیکورٹی کونسل کی میٹنگ میں امریکہ کے اس اعلان کو مسترد کیا جائے ۔

