تاریگام کولگام میں خونین معرکہ آرائی ،2جنگجوجاں بحق ،رہائشی مکان کو نقصان ، آپریشن جاری

File Photo

طرفین کے مابین گولی باری میں ڈی ایس پی آپریشنز ہلاک ، فوجی میجر سمیت تین اہلکار زخمی ، اسپتال منتقل
سخت بندشوں کے باوجود علاقے میں پُر احتجاجی مظاہرے ، پیلٹ و بلٹ فائرنگ ، ایک درجن سے زائد مظاہرین زخمی

سرینگر/24فروری/سی این آئی/ جنوبی ضلع کولگام کے تاریگام علاقے میں خونین معرکہ آرائی میںدو جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچ گیا ۔طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میںڈی ایس پی آپریشنز ہلاک ہو گیا جبکہ فوجی میجر سمیت کئی اہلکار زخمی ہوگئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔جھڑپ کے ساتھ ہی علاقے میں احتجاجی مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی اور مشتعل مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید پتھرائو اور ٹیر گیس شیلنگ ہوئی جس دوران کئی افراد مضروب ہوگئے۔جبکہ انتظامیہ نے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے پیش نظر جھڑپ والے علاقے میں سخت ترین بندشیں عائد کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جھڑپ والے مقام سے دور رہے ۔ اسی دوران افواہوں کی روکتھام کیلئے جنوبی ضلع کولگام میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بند کی گئی ۔سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تاریگام کولگام میں دو سے تین جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز ، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے علاقے کواتوار کے بعد دوپہر محاصرے میں لیا اور وہاں جنگجو مخالف آپرین شروع کیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں اُس گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب ایک رہائشی مکان میں محصور جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر اندھا دھند گولیاں چلائی جس کے ساتھ ہی فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارورائی کی ۔ ذرائع کے مطابق طرفین کے مابین گولی باری کے نتیجے میں ڈی ایس پی آپریشنز ، فوجی میجر سمیت چار فوجی اہلکارزخمی ہو گئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈی ایس پی آپریشنز امان ٹھاکر زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے ۔معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں جھڑپ کے ساتھ ہی فورسز نے محاصرہ تنگ کیا اور جنگجو ئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے ۔معلوم ہوا ہے کہ فورسز اور جنگجوئوں کے مابین گولیوں کا کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا جس کے بعد جنگجوئوں نے مکان میں پنا ہ لی ۔ جس دوران فورسز نے مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی تاہم وہ بضد رہے جس دوران طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔معلوم ہوا ہے کہ فورسز نے رہائشی مکان پر مارٹر گولے داغے جس کے نتیجے میں مکان زمین بوس ہو گیا ہے اور فوج نے مکان کے ملبے سے دوجنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق جنگجو ئوںکے قبضے سے بھاری مقداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا ہے ۔جن کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں جاری جھڑپ میں دو جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی اپنی جان گنوا بیٹھا ۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ معرکہ آرائی کے دوران فوجی میجر سمیت کئی اہلکاروں کو گولیوں لگی جن کو فوری طور پر سرینگر کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے بعد دوپہر تاریگام کولگام علاقے میں فورسز اور جنگجوئوںکے مابین خونین معرکہ آرائی ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں جاری معرکہ آرائی کے دوران پولیس افسر ہلاک جبکہ فوجی میجر سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں آخری اطلاعات ملنے تک فورسز آپریشن جاری تھا۔ ادھر جھڑپ کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں نوجوان سڑکوںپر نکل آئے او رپولیس و فورسز پر سنگ باری شروع کی ۔تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس و فورسز نے آنسو گیس کے گولے داغے ، پیلٹ گولیوں اور پیپر گیس کا بھی استعمال کیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جھڑپ میں جونہی مظاہرین منتشر نہ ہوئے تو فورسز نے راست فائرنگ کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک درجن افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ْ۔ جھڑپ کے ساتھ ہی جنوبی ضلع کولگام بیشتر علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز ہوگئے اور پبلک و نجی ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہوگئی۔ مختلف کاموںکے سلسلے میں اپنے گھروں سے باہرنکلنے والے لوگ عجلت میں واپس اپنے گھروں کو لوٹ گئے ۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں حالات کشیدہ بنے ہوئے تھے ۔

Share This Article