جو کام پاکستان 70برسوں میں نہیں کرسکا وہ مودی اور شاہ کی جوڑی نے کر دکھایا: کیجریوال

نئی دہلی: ملک کے عوام میں پھیلتی نفرت اورختم ہوتے بھائی چارہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے الزام لگایا کہ جو کام پاکستان نے گزشتہ 70برسوں میں نہیں کرسکا وہ کام وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ کی جوڑی نے گزشتہ پانچ برسوں میں کردکھایا۔

انہوں نے یہ بات یہاں انڈین مسلم انٹلیکچول فورم کی ایک تقریب میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تو یہی چاہتا تھا کہ ہندوستان کے عوام میں نفرت پیدا ہو، بھائی چارہ ختم ہو، یہاں کے عوام میں آپس میں لڑیں اور ایک دوسرے سے نفرت کریں، جو نہیں ہورہاتھا، لیکن جب سے بی جے پی کی حکومت ملک میں آئی ہے اور بی جے پی اور مودی حکومت نے جو زہر عوام میں بھرا وہ خطرناک ہے۔

دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال نے 2019کے انتخابات کو زندگی و مو ت قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر ملک کے عوام نے ان انتخابات میں سمجھداری سے کام نہیں لیا تو ملک میں جمہوریت باقی نہیں رہے گی ۔انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اگر مودی -امت شاہ کی جوڑی 2019میں جیت گئی تو تو ملک کے لئے خطرناک ہوگا۔ انہوں نے امت شاہ کے اس اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس میں امت شاہ نے کہاکہ بی جے پی 50 سال تک حکومت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس کا سیدھا سا مطلب ہے کہ اس کے بعد انتخابات نہیں ہوں گے اور آئین بدل دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ان کی کوشش ہے کہ بی جے پی کو دہلی میں کسی بھی حالت میں جیتنے نہ دیں۔انڈین مسلم انٹلیکچول فورم کے کنوینر اور الحفیظ ایجوکیشنل اکیڈمی کے چیرمین کلیم الحفیظ نے دہلی کے وزیر اعلی سے تعلیم پر ترجیح دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو کچھ اور نہیں، تعلیم چاہیے۔ انہوں نے مسلم علاقوں میں اسکول کی قلت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ جہاں 40/50اسکول ہونے چاہیے تھے وہاں صرف پانچ چھ اسکول ہیں اور جب تک مسلم علاقوں میں اسکول کھولے نہیں جائیں گے اس وقت تک مسلمانوں کی صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔انہوں نے تلنگانہ کے مائنریٹی ریزیڈینشیل اسکول کی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ صرف اٹھارہ ماہ کے اندر ہی 204ایسے اسکول بنائے گئے جہاں پہلے کچھ ہزار بچے پڑھتے تھے وہاں اب ایک لاکھ سے زائد بچے پڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے اسی طرح کا پروگرام دہلی میں چلانے کی گزارش کرتے ہوئے کہاکہ اگر آپ کے پاس بلڈنگ نہیں ہے تو کرائے پر لے سکتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مسلم علاقوں میں ورلڈ کلاس اسکل سنٹر قائم کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی کتاب تعلیم سے ہی تصویر بدلے گی کا ذکر کیا جس کا انگریزی ترجمہ ایجوکیشن دی اونلی گیم چینجر کا اجراء وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ہاتھوں میں عمل میں آیا۔

عام آدمی پارٹی پولٹیکل افیسر کمیٹی کی رکن آتشی مارلینا نے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کی آبادی 14فیصد ہے لیکن ان کی نمائندگی دو تین فیصد سے زائد نہیں ہے۔ اس کے لئے انہوں نے سیاست کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہماری سیاست نے ہمیشہ ا ن چیزوں کو کبھی موضوع نہیں بنایا۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کی واحد حکومت ہے جو اپنے بجٹ کا 25فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کرتی ہے اور انہوں نے گزشتہ چار برسوں میں تعلیم و صحت کی صورت بدل دی۔اس موقع پرمقامی ایم ایل اے امانت اللہ خاں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی کامیابیوں کو گنایا۔ (Qaumi Awaz)

Share This Article