سابق ممبر اسمبلی سے متعلق مکمل رپورٹ طلب ، ایسی کارروائیوں سے خوفزہ نہیں ہو ں ، تحقیقات کیلئے تیار
سرینگر/16جنوری/سی این آئی/ سابق ممبر اسمبلی وچی اعجاز میر کی طرف سے کشمیری علیحدگی پسندوں کے تئیں نرم رویہ اختیار کرنے پر قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے جموں کشمیر پولیس سے معاملے کی مکمل رپورٹ طلب کی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ این آئی اے نے جموں کشمیر پولیس کو ایک تحریری خط لکھا ہے جس میں انہوں نے رپورٹ طلب کی ہے ۔ اسی دوران سابق ممبر اسمبلی اور پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر اعجاز احمد میر نے واضح کیا ہے کہ وہ ہر طرح کی تحقیقات کیلئے تیار ہے اور اس معاملے میں سیکورٹی ایجنسیوں کو بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔سی این آئی کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے پی ڈی پی لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی اعجاز احمد میر کے حوالے سے جموں کشمیر پولیس سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کی ہے اور کہا گیا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اعجاز میر کشمیری علیحدگی پسند لیڈران کے تئیں نرم گوشہ اختیار کر رہے ہیں ۔ معروف انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپرس کی ایک رپورٹ کے مطابق این آئی اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون کو ایک تحریری خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اعجاز میر سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے ۔ اخبار میں چھپی خبر کے مطابق این آئی اے نے خط میں لکھا ہے ’’اس بات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اعجاز میر کشمیری علیحدگی پسند لیڈران کے تئیں نرم رویہ اختیار کر رہا ہے ،جبکہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ امرناتھ یاترا قافلے پر ہوئے حملے میں بھی سابقہ ممبر اسمبلی کی گاڑی کو استعمال کیا گیا ، لہذا آپ سے استدعا کی جاتی ہے کہ سابق ممبر اسمبلی اور پی ڈی پی لیڈر اعجاز میر کے بارے میں مکمل رپورٹ پیش کی جائے ۔ اور اس بات کی پورٹ پیش کی جائے کہ کیا ملکی سالمیت کے خلاف کوئی جرم ان پر عائد ہے ‘‘۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 20ستمبر 2018کو اعجاز احمد میر کی سیکورٹی پر تعینات ایک ذاتی محافظ سیکورٹی اہلکاروں کی سات رائفلیں اور اعجاز میر کا پستول اڑا کر فرار ہو گیا تھا جس کے بعد انہوں نے عسکری صفوں میں شمولیت کی ۔ اسی دوران جب سابق ممبر اسمبلی اور پی ڈی پی لیڈر اعجاز میر سے اس بارے میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس طرح کی کارورائیوں سے خوفزدہ نہیں ہے اور کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو تحقیقات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔
