26جنوری کی تقریبات میں خلل ڈالنے کے جنگجوئوں کے منصوبے کو فوج نے بنایا ناکام /فوجی ترجمان
سرینگر/29دسمبر/سی این آئی/ جموں میں اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی مقدار کو ضبط کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے فوج نے کہا ہے کہ یہ اسلحہ 26جنوری کی تقریبات میں خلل ڈالنے کیلئے استعمال کئے جانے کا خدشتہ تھا جس کو فوج کی بروقت کارروائی نے ناکام بنایا ہے ۔ جموں کے بس سٹینڈ میں گذشتہ رات دھماکہ ہوا۔ دھماکہ رات کے دوران ایک لوڈ کیریئر کے نزدیک ہوا۔ دھماکے سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اْس لوڈ کیریئر کو کچھ نقصان پہنچا ہے جس کے نزدیک یہ دھماکہ ہوا۔دھماکے کے فوراً بعدپورے جموں شہر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردئے گئے ہیں۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق فوج نے سنیچر کو دعویٰ کیا کہ اْنہوں نے تلاشی آپریشن کے دوران جموں خطے کے کٹھوعہ ضلع میںبھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔فوج کے ترجمان نے کہا کہ آج صبح خفیہ اطلاعات کے بعد پولیس کے ساتھ ملکر ضلع کٹھوعہ میں بھلاور بلاک کے گالک علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران ایک اے کے47بندرائفل، ایک اے کے56رائفل ، ایک گرینیڈ، چار میگزین،312گولیاں اور دیگر سامان بر آمد کیا گیا۔فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس اسلحہ کو برآمد کرتے ہوئے جنگجوئوں کی جانب سے 26جنوری کی تقریبات کو خلل ڈالنے کے منصوبے کو ناکام بنایا ہے ۔ ترجمان کے مطابق اس اسلحہ کو جموں اس لئے پہنچایا گیا تھا تاکہ یوم جمہوریہ کی تقریب میںخلل ڈالا جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ فوج کو خفیہ ذرائع سے مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ جنگجو جموں میں کسی بڑے حملے کی تاک میں ہیں اور اسکے لئے جنگجوئوں نے ہتھیار بھی جموں پہنچائے ہیں جس بناء پر خصوصی آپریشن کے دوران کھٹوعہ میں چھاپہ ڈالکر ہتھیار ضبط کرلئے گئے ۔ترجمان کے مطابق وادی میں جنگجوئوں کو ناکامیوں کا سامناکرنا پڑرہا ہے اور اب جنگجو آنے والے یوم جمہوریہ کی تقریب کو خراب کرنے کیلئے جموں کے مختلف جگہوں کو اپنے نشانے پر رکھا ہے تاہم فوج جنگجوئوں کی تمام کارروائیوں کو ناکام بنائے گی ۔ ادھر سرمائی دارالحکومت جموں کے بس سٹینڈ میں گذشتہ رات ایک کم شدت والا دھماکہ ہوا۔سنیچر کو اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکہ رات کے دوران ایک لوڈ کیریئر کے نزدیک ہوا۔ اس دھماکے کی وجہ سے لوگوں میں خوف پیدا ہوگیا۔ دھماکے سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اْس لوڈ کیریئر کو کچھ نقصان پہنچا ہے جس کے نزدیک یہ دھماکہ ہوا۔دھماکے کے فوراً بعدپورے جموں شہر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردئے گئے ہیں۔
