عیدالفطر کا تہوار امن کا پیغام لیکر آئے

ووہرا، محبوبہ، ،ڈاکٹر فاروق ، عمر عبداللہ اور آزادسمیت ارکان قانون سازیہ اور مین سٹریم لیڈران کی مبارکباد

سرینگر:۱۴،جون:/ وزیر اعلی محبوبہ مفتی ، گورنر این این وہرا کے علاوہ سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ ،غلام نبی آزاد اور دیگر مین اسٹریم لیڈران نے عید الفطر کے موقعہ پر عالم اسلام خصوصاً ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی یہ مبارک دن جموں کشمیرمیں امن و آشتی کی نوید لیکر آئے۔کے این این کے مطابق اپنے اپنے علیحدہ علیحدہ عید پیغامات میں بتایا کہ یہ دن حقیقی معنوں میں جموں و کشمیر کیلئے دائمی امن کا پیغام لے کر آئے۔اس سلسلے میں ریاستی گورنر نے عوام کو عید الفطر کے موقعہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ دن حقیقی معنوں میں جموں و کشمیر کیلئے دائمی امن کا پیغام لے کر آئے۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی کہ یہ عید ریاستی عوام کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لیکر آئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فراخدلی ، نظم و ضبط اور تقویٰ اور پرہیز گاری کا جذبہ آگے بھی روز مرہ کی زندگی کے دوران جاری رہنا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یتیموں ، بیواؤں اور مفلوک الحال طبقے کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے ریاستی عوام کو عید الفطر کے موقعہ پر مبارکباد دی ہے۔ مبارکبادی کے اپنے پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ عید الفطر ریاست اور یہاں کے لوگوں کیلئے ترقی ، خوشحالی اور امن و امان کا پیغام لیکر آئے گی۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر امیتابھ مٹو نے لوگوں کو عید الفطر کے موقعہ پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ہم سب کیلئے خوشیوں اور مسرتوں کی ایک نوید لیکر آئے۔کابینہ وزراء نے ریاستی عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔ اس سلسلے میں کابینی وزراء عبدالرحمان ویری ،چودھری ذوالفقار علی ،الطاف بخاری،نعیم اختر ،بشارت بخاری ،خلیل بدھ ،محمد اشرف میر ،غلام نبی لون ہانجورہ ،عمران انصاری ،سجاد غنی لون ،عبد الغنی کوہلی ،چیرنگ دورجے ، بالی بھگت ،ست شرما ، وزرائے مملکت آسیہ نقاش ، سنیل کمار شرما ، میر ظہور ، پریا سیٹھی اور اجے نندا،،قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر نرمل اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے ایک مشترکہ پیغام میں ریاستی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار ریاست کیلئے امن ترقی اور خوشحالی کا ایک باعث بنے۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان)نے عیدالفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً ریاست کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی تقریب ماہ صیام کے اختتام پر منائی جاتی ہے، بیشک یہ مقدس تقریب منانے کے وہی حقدار ہیں جن کے روزے اللہ نے قبول کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ،کہ عید خصوصی مسرت لے کر آتی ہے اور مسرت ایسی چیز ہے کہ انسان خود محسوس کرتے ہوئے اِس کا اظہار کرتا ہے، لیکن عید کی مسرت ایسی مسرت ہے کہ پروردگار عالم کی طرف سے اِس کا اظہار بھی نیک عمل اور خدا کی رضا کا ذریعہ بن گیا ہے یعنی اجر وثواب کا ذریعہ بھی ہے، یہ خصوصیت عید کی بڑی خصوصیت ہے۔ انہوں نے کہا ،کہ عید کی اِن مسرت گھڑیوں میں اپنی ریاست کے اُن بھائیوں اور بہنوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جو زمانے کے ستم رسیدہ ہیں اور مفلوک الحال ہونے کے نتیجے میں اپنے معصوم اور کمسن بچوں کیلئے بنیادی ضروریات میسر رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہاکہ اللہ تعالیٰ یہ عید پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے ، عالم اسلام کی سربلندی ، لوگوں کو مسرتوں اور شادمانیوں کی باعث ہو۔ نیز خالق کائنات یہ عید ملک کشمیر کے مکمل امن وامان کی بحالی کیلئے موجب ثابت ہو۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ عوام اپنے پسماندہ، نادار اور مفلس بھائیوں کا عید کے موقعے پر خاص خیال رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے اور انسانیت کا بھی یہی تقاضہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں منائیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں کام آئیں۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صدرِ صوبہ کشمیر ناصر اسلم وانی ، صدرِ صوبہ جموں دیوندر سنگھ رانا، ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ اور جنید عظیم متو نے ریاست کے لوگوں کو عید مبارک پیش کیا ہے۔ اس دوران سابق وزرائے اعلیٰ غلام نبی آزاد اور عمر عبداللہ نے ریاستی عوام کو مبارکبا د پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ عید ریاست میں آپسی بھائی چارے ،یگانگت اور صبرو استقامت کا پیغام لے کر آئے۔ سابق وزیر غلام حسن میر ،سی پی آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری محمد یوسف تاریگامی نے اہل اسلام خصوصاًریاستی عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکبا د پیش کی ہے۔عید الفطر کے موقعہ پر سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ،پی ڈی پی کے دیگر لیڈران محمد دلاور میر،سرتاج مدنی اورمحمد رفیع میرنے بھی اہل ریاست کو عید مبارک پیش کی ہے۔اس دوران عید الفطر کے مقدس موقعہ پر سابق مرکزی وزیر اور ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر اور سینئر لیڈر قدفین چودھر ی ،غلام نبی مونگا اور دیگر لیڈران نے ہندوستان کے عوام کو عام طور پراور ریاستی عوام کو خاص طور پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ لوگوں کو ماہ مقدس میں روزوں کے بدلے خوشیوں ، امن ، خوشحالی اور ترقی سے نوازے۔

Share This Article