سری نگر میں اسلامی فن پاروں کی نمائش، نعیم اختر کی میرواعظ کو نمائش کا دورہ کرنے کی مخلصانہ دعوت
سری نگر، 9 جون :جموں وکشمیر میں تعمیرات عامہ اور ثقافت کے وزیر نعیم اختر نے حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے امیر میرواعظ مولوی عمر فاروق کو سری نگر کے ٹورسٹ ریسپشن سنٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے جہاں اس وقت اسلامی فن پاروں کی پانچ روزہ نمائش جاری ہے۔ تاہم اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ’ میرواعظ سرکاری سطح پر ہونے والی اس نمائش کا دورہ کریں گے یا نہیں‘۔
نعیم اختر جو کہ پی ڈی پی کے ایک سینئر لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کے ترجمان بھی ہیں، نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعہ حریت کانفرنس (ع) چیئرمین کو نمائش کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ’میرواعظ صاحب کو ٹی آر سی میں جاری اسلامی فن پاروں کی نمائش کا دورہ کرنے کی مخلصانہ دعوت دیتا ہوں۔ وہاں ایسے بھی شاہکارے ہیں جن کو پہلی مرتبہ نمائش پر رکھا گیا ہے۔ نجی کلیکٹرمسٹر ابرول کے نادر خزانے کو بھی نمائش پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے (مسٹر ابرول) نے اپنے گھر کو میوزیم میں تبدیل کیا ہے‘۔
بتادیں کہ میرواعظ مولوی عمر فاروق حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین ہونے کے علاوہ جموں وکشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما بھی ہیں۔ تاہم اپنے سیاسی نظریات کی وجہ سے وہ کسی سرکاری تقریب میں شرکت نہیں کرتے ہیں۔ انہیں عالمی سطح پر سب سے زیادہ با اثر شخصیات کی فہرست مرتب کرنے والے ادارے ’دی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹیڈیز سینٹر‘ نے گذشتہ برس مسلسل چوتھی بار دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیا۔ ادارے کی طرف سے میرواعظ کا دنیا کی 500بااثر مسلم شخصیات اور برصغیر میں منتخب 5افراد میں انتہائی بااثر سیاسی و مذہبی شخصیت کی حیثیت سے انتخاب عمل میں لایا گیاتھا۔ سری نگر کے ٹی آر سی میں نادر قرآنی مخطوطات ، اسلامی خطاطی اور نوادرات کی پانچ روزہ نمائش 7 جون کو شروع ہوئی۔ یہ نمائش عام لوگوں کے لئے 11 جون جاری رہے گی۔ سری نگر میں اس پیمانے کی نمائش 1981کے بعد پہلی بار منعقد کی گئی ہے ۔
نعیم اختر نے اس نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نمائش کی بدولت فن کے شائقین اپنے شاندار ماضی کے بارے میں جانکار ی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ نمائش میں شیخ یعقوب صرفی (رح) کی دیوان اور دیگر کئی اشیاء پہلی بار رکھی گئی ہے ۔ شیرین قلم کے نام سے اس نمائش کا اہتمام ریاستی کلچرل اکیڈیمی نے نظامت سیاحت ، لائبریریز ، آکائیوز اور انٹیک کشمیر کے اشتراک سے کیا ہے۔اس نمائش میں فتح اللہ کشمیر ی کے ہاتھ سے 1237ء میں لکھئے گئے قرآن شریف کے نسخے کے علاوہ سنہری الفاظ میں لکھے گئے کئی دیگر مخطوطات بھی رکھے گئے ہیں۔
یو این آئی.

