بونیاراوڑی میں آگ کی انتہائی ہولناک واردات

این ایچ پی سی کارسیونگ اسٹیشن اورمحکمہ بجلی کاگرڈاسٹیشن مکمل طورپرخاکستر

بارہمولہ:3 جون: / بونیاراوڑی میں آگ کی ایک انتہائی ہولناک واردات کے نتیجے میں این ایچ پی سی کارسیونگ اسٹیشن اورمحکمہ بجلی کاگرڈاسٹیشن مکمل طورپرخاکسترہوگیاجبکہ ان میں نصب میں 4MVAاور6.3MVAصلاحیت والے دوبڑے ٹرانسفارمرراکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگئے۔کے این این نمائندے کے مطابق سرحدی تحصیل اوڑی کے بونیارقصبہ میں اتوارکی صبح اُسوقت خوف ودہشت کی لہردوڑگئی جب یہاں ایک جنگل کے نزدیک قائم این ایچ پی سی کے پاوررسیونگ اسٹیشن میں اچانک آگ نمودارہوگئی ۔عینی شاہدین نے بتایاکہ آگ نمودارہوتے ہی یہاں سینکڑوں فٹ اونچے شعلے بھڑک اُٹھے ،اوران شعلوں کی وجہ سے نزدیک ہی قائم ریاستی محکمہ بجلی کے ایک گرڈاسٹیشن میں بھی آگ نمودارہوئی ۔ این ایچ پی سی کارسیونگ اسٹیشن اورمحکمہ بجلی کاگرڈاسٹیشن میں بیک وقت شعلے بھڑک جانے کے نتیجے میں یہاں خوف وہراس کی لہردوڑگئی جبکہ اس دوران یہاں کچھ دھماکے بھی ہوئے ۔شعلوں کے ساتھ ساتھ پورے بونیارقصبہ میں دھواں چھاگیا۔ این ایچ پی سی رسیونگ اسٹیشن میں آگ نمودارہوتے ہی اوڑی فسٹ پاؤرپروجیکٹ سے بجلی کی سپلائی کاٹ دی گئی جبکہ محکمہ بجلی گرڈاسٹیشن میں آگ لگ جانے کے بعدبونیاراوراسکے نواحی لگ بھگ دودرجن دیہات کی بجلی سپلائی بھی منقطع کردی گئی ۔بیک وقت این ایچ پی سی رسیونگ اسٹیشن اورمحکمہ بجلی گرڈاسٹیشن سے شعلے بھڑک اُٹھنے کے بعدسینکڑوں کی تعدادمیں لوگ یہاں جمع ہوئی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ آگ کی اس ہولناک واردات کے نتیجے میں این ایچ پی سی کے رسیونگ اسٹیشن میں نصب 4MVAصلاحیت والاسب سے بڑاٹرانفارمر مکمل طورپرشعلوں کی نذرہوگیاجبکہ محکمہ بجلی کے گرڈاسٹیشن میں نصب6.3MVAصلاحیت والابڑاٹرانسفارمربھی راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ آگ نمودارہوتے ہی کئی فائرسروسزگاڑیاں طلب کی گئیں ،اورآگ پرقابوپانے کی کارروائی میں پولیس اہلکاروں اورمقامی نوجوانوں نے رضاکارانہ طورپرحصہ لیا۔ذرائع کے مطابق آگ اسقدرہولناک تھی کہ اس پرقابوپانے میں کئی گھنٹے لگ جبکہ اس دوران یہ خطرہ بھی لاحق ہوگیاکہ کہیں آگ نزدیکی جنگل کوبھی اپنی لپیٹ میں نہ لے لے۔مقامی لوگوں نے این ایچ پی سی رسیونگ اسٹیشن اورپی ڈی ڈی گرڈاسٹیشن میں آگ نمودارہوجانے کی واردات کوپُراسرارقراردیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ ماہ بھی بونیارقصبہ میں لورجہلم پروجیکٹ کوآگ کی واردات میں کافی نقصان پہنچاتھا۔تاہم بونیارپولیس تھانہ کے ذرائع نے بتایاکہ این ایچ پی سی رسیونگ اسٹیشن اورپی ڈی ڈی گرڈاسٹیشن میں آگ کی واردات رونماہونے کے بارے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی۔

Share This Article