یوم جمہوریہ: جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات

By
2 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!
Tameel Irshad File Picture

سرینگر، 19 جنوری

یوم جمہوریہ کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں جمعے کے روز سیکورٹی فورسز نے راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لی جس دوران ان کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے کولگام ، اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع میں یوم جمہوریہ کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے بیچ ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز کولگام ضلع کے کئی علاقوں میں ناکہ چیکنگ کے دوران مسافروں، راہگیروں اور سکوٹی سواروں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جارہے تھے۔

معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ضلع میں اہم شاہراوں اور چوراہوں پر ناکے لگا ئے ہیں جہاں پر کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ جنوبی کشمیر میں کئی مقامات پر عارضی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں نہ صرف گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے بلکہ مسافروں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جنوبی کشمیر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

دریں اثنا سری نگر جموں شاہراہ پر بھی سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر سے جموں کی طرف جانے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں.ذرائع کے مطابق یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔

Share This Article