کشمیر: پاکستانی ترانہ گانے پر دو کرکٹ ٹیموں کے خلاف ایف آئی آر درج

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں پولیس نے دو کرکٹ ٹیموں اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ دونوں کرکٹ ٹیموں پر الزام ہے کہ ان کے کھلاڑیوں نے کرکٹ مقابلے سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ ’پاک سرزمین‘ گایا ہے۔

ایک کرکٹ ٹیم پر یہ بھی الزم ہے کہ اس کے کھلاڑیوں نے پاکستانی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے پہنی جانے والی وردی پہن رکھی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ ان کے خلاف پولیس تھانہ بانڈی پورہ میں غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ایکٹ کے سیکشن 13 کے تحت ایف آئی آر نمبر 4 آف 2018 درج کی گئی ہے۔ پاکستان کا قومی ترانہ گانے اور پاکستانی ٹیم کی وردیاں پہننے کا تازہ واقعہ ضلع بانڈی پورہ کے ارن میں کھیلے جانے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں پیش آیا ہے۔

ملوث ٹیموں کی شناخت ایم سی سی گوندی پورہ اور دردپورہ کرکٹ کلب کے بطور کی گئی ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب کشمیر میں کرکٹ ٹیموں یا کھلاڑیوں کے خلاف پاکستان کا قومی ترانہ گانے یا پاکستانی ٹیم کی وردی پہننے کے جرم میں مقدمہ درج ہوا ہے۔ بانڈی پورہ کے ارن میں کھیلے جانے والے اس فائنل مقابلے کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوگئی ہے۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو قطاروں میں کھڑے ہوکر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں ایک ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی ٹیم کی وردی جبکہ دوسری ٹیم کو سفید رنگ کی وردی میں دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پولیس نے معاملے میں تاحال چار گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔ مذکورہ رپورٹ میں ایک پولیس عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے ’کچھ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ہم دونوں ٹیموں کے آبائی دیہات کے بڑوں کے رابطے میں ہیں۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین کی تلاش جاری ہے‘۔ گذشتہ برس (2017)میں مئی کے اواخر میں وادی میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بالخصوص فیس بک پر نوجوان کرکٹ کھلاڑیوں کی ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں مقابلے سے قبل پاکستان زیر قبضہ کشمیر کا قومی ترانہ ’باغوں اور بہاروں والا۔ دریاو¿ں کوہ ساروں والا۔ آسمان ہے جس کا پرچم۔

پرچم چاند ستاروں والا۔ جنت کے نظاروں والا۔ جموں اور کشمیر ہمارا‘پڑھتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔اس کرکٹ مقابلے کا انعقاد جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہوا تھا۔ اس سے قبل وادی میں اپریل کے اوائل میں بھی ایسی ہی ایک ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی تھی جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی وردی میں ملبوس کرکٹ کھلاڑیوں کو مقابلے سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ ’پاک سرزمین‘پڑھتے ہوئے سنا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے بعدازاں مذکورہ ویڈیو کی عکس بندی کے مقام کا پتہ لگاکر وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں قریب ایک درجن کھلاڑیوں کو حراست میں لیا تھا۔ یو اےن آئی

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے