سری نگر ، 8 جولائی : وادی کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی منقطع رکھی گئیں۔ وادی میں یہ خدمات ہفتہ کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی دوسری برسی کے پیش نظر معطل کی گئیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ خدمات کی معطلی کا یہ اقدام امن دشمن عناصر کی جانب سے انٹرنیٹ کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ وادی میں 8 جولائی 2016 کو برہان وانی کی ہلاکت کے بعد انٹرنیٹ خدمات کم از کم چار ماہ تک معطل رکھی گئی تھیں۔ وادی میں اب انٹرنیٹ خدمات منقطع کرنا حکومت کا ایک معمول بن چکا ہے۔
وادی میں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کی وجہ سے مقامی رہائشیوں کے ساتھ ساتھ امرناتھ گھپا کی درشن کے لئے آنے والے یاتریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ علاوہ ازیں الیکٹرانک بزنس اور بینکنگ کا نظام پوری طرح سے ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔
وادی میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات ہفتہ کی شام قریب ساڑھے پانچ بجے منقطع کی گئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ خدمات غیرمعینہ مدت تک کے لئے معطل کی گئی ہیں۔ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، کولگام، شوپیان اور پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات ہفتہ کو دوپہر کے وقت ہی منقطع کی گئی تھیں۔ وہاں یہ خدمات ضلع کولگام کے ہاوورہ ریڈونی میں فوج کی احتجاجی مظاہرین پر مبینہ طور پر براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں ایک کمسن لڑکی سمیت 3 عام شہریوں کے ہلاک اور قریب آدھ درجن دیگر کے زخمی ہوجانے کے سبب پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر منقطع کی گئیں۔
جاری۔یو این آئی۔
کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات دوسرے دن بھی معطل، مقامی لوگ اور امرناتھ یاتری پریشان

