سرینگر: چاڈورہ بڈگام کے بعد جنوبی ضلع اننت ناگ کے پاھلی پورہ لارنو علاقے فوج فورسز اور جنگجوﺅں کے درمیان جاری خونین معرکہ آرائی میں تاحال دو جنگجو ازجان ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے جنگجو مخالف آپریشن میں اب تک دو جنگجو جاں بحق ہوئے ۔اس دوران جھڑپ کے مقام پر مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں ۔
ذرائع کے مطابق جنگجوﺅں کی موجود گی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد جموں کشمیر پولیس کی خصوصی ٹیم، فوج اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیم نے اننت ناگ میں کوکرناگ کے پاھلی پورہ لارنو علاقے کو محاصرہ میں لیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج و فورسز کے اہلکار جب جنگل کے اندر جا رہے تھے تو یہاں موجود جنگجوﺅںنے اُن پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی،جس کے ساتھ ہی طرفین کے مابین شدید جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا۔
اس موقع پر آس پاس کے کیمپوں سے اضافی سیکورٹی فورسز کو طلب کیا گیا۔ آخری خبریں ملنے تک جھڑپ جاری تھی ، سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنگجوﺅں اور فورسز کے درمیان جاری جھڑپ میں دو جنگجو ازجان ہوئے ہیں ۔
ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے جنگجو مخالف آپریشن میں اب تک دو جنگجو جاں بحق ہوئے ۔انہوں نے یہ اطلاع سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے دی ۔
ادھر جھڑپ کے مقام پر مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ یہاں نوجوانوں کی ایک خاصی تعداد نے فورسز پر خشت باری کی ،جوابی کارروائی میں فورسز نے مظاہرین کو تتر بتر کرنے کےلئے ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کی ۔یہاں صورتحال کشیدہ بنی ہوئی ہے ۔بشکریہ یو این این

