2عدم شناخت جنگجو جاں بحق ،مہلوکین کی نعشیں ہتھیار سمیت برآمد :فوج
ہندوارہ:۳۱،مئی:کے این این/ فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ قاضی آباد ہندوارہ کے جنگلات میں شبانہ معرکہ آرائی کے دوران 2عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوئے ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مہلوک جنگجو ؤں کی نعشیں ہتھیار سمیت برآمد کی گئیں جبکہ اُنکی شناخت کی جارہی ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق قاضی آباد ہندوارہ کے جنگلات میں جنگجوؤں اور فوج کے درمیان معرکہ آرائی ہوئی ہے ۔دفاعی ترجمان نے جھڑپ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ 32آر آر فوجی اہلکار بدھ کی شب جنگلاتی علاقے میں معمول کی گشت کررہے تھے ،جس دوران اُن کا سامنا جنگجوؤں کے ساتھ ہوا ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جنگجوؤں نے اس دوران فوج کی گشتی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جسکے ساتھ طرفین کے مابین شدید نوعیت کی جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ دونوں اطراف سے گولیوں کے نتیجے میں پورا علاقہ گن گرج سے لرز اٹھا ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ گولی باری کے تبادلے میں 2جنگجوؤں جاں بحق ہوئے ،تاہم فوری طور پر اُنکی شناخت نہیں ہوسکی ۔ان کا کہناتھا کہ علاقے میں تلاشی کارروائی کے دوران 2جنگجوؤں کی نعشیں بر آمد کی گئیں جبکہ اُنکی تحویل سے 2اے کے47رائفلیں بھی ضبط کی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے جبکہ آپریشن جاری ہے ۔یاد رہے کہ26مئی کو فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی سرحدی ضلع کپوارہ میں حد متارکہ پر در اندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔سرینگر میں مقیم فوج کے ترجمان کرنل راجیش کا لیا نے بتایا تھاکہ ٹنگڈار سیکٹر میں در اندازی کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں حد متارکہ پر ہفتہ کی علی الصبح یہاں تعینات فوجی اہلکاروں نے مشکوک افراد کی نقل وحرکت دیکھی ،جس کے ساتھ یہاں تعینات فوجی یونٹ کو الرٹ کردیا گیا۔ان کا کہناتھا کہ مشکوک افراد کا تعاقب کرنے پر پایا گیا کہ خود کار ہتھیاروں سے لیس در اندازوں کے ایک گروپ نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے لائن آف کنٹرول کے اِس پار داخل ہونے کی کوشش کی ،جسے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنادیا گیا ۔فوج کے ترجمان کے مطابق فوجی اہلکاروں نے جب مذکورہ در اندازوں کو چیلنج کیا ،جس دوران انہوں نے فوج پر خود کار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کی ، جوابی کارروائی میں بھی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے ساتھ ہی طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ طرفین کے مابین ہوئی خونین معرکہ آرائی کے دوران5عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوئے ۔

