علاقے میں احتجاجی مظاہرے ،فورسز پر تشدد کا الزام
شوپیان:۱۳،جون:کے این این/ آہگام شوپیان میں بدھ کے روز اُس وقت احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے جب یہاں فورسز اہلکاروں نے مبینہ طور 3نوجوانوں کی مارپیٹ کی ۔کے این این کے مطابق شوپیان کے مضافاتی گاؤں آہگام میں بدھ کے روزلوگوں نے فورسز اہلکاروں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔رپورٹس کے مطابق آہگام ۔پلوامہ روڑ پر علاقہ مکین نے دھرنا دیا ۔جہاں انہوں نے 3نوجوانوں بلا ل احمد ،محمد شفیع اور عبد المجید کو فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں زدکوب کرکے لہو لہان کرنے پر احتجاجی دھرنا دیا ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ آہگام کیمپ میں تعینات فوجی اہلکاروں نے بغیر کسی اشتعال کے 3نوجوانوں کو بدھ کی صبح تشدد کا نشانہ بنا کر زدکوب کیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تینوں نوجوانوں باغات کی طرف جارہے تھے ،جس دوران فوجی اہلکاروں نے اُنہیں تشدد کا شکار بنایا ۔احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملوثین کے خلاف کارروائی کیا جائے ۔ایک احتجاجی نے بتایا کہ اب ہم اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں ۔ادھر فوجی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے کہا کہ فوج نے کسی کوبھی تشدد کا نشانہ نہیں بنایا ۔انہوں نے کہا کہ فوج پر الزامات بے بنیاد ہیں ۔

