فوج پر کیا پتھراؤ ،تتر بتر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ ،کوئی نقصان نہیں
شوپیان:۱۲،جون:/ جنوبی ضلع شوپیان میں اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب ڈی کے پورہ گاؤں میں فوج نے یہاں اچانک نمودار ہوکر ڈرون طیارے کا استعمال کیا ۔اس موقع پر نوجوانوں نے جمع ہو کر فوجی اہلکاروں پر خشت باری کی ،جوابی کارروائی میں مشتعل احتجاجی مظاہرین کو تتربتر کرنے کیلئے ہوامیں گولیوں کے کئی راؤنڈ چلائے ،تاہم اس میں کوئی نقصان نہیں ہوا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق ڈی کے پورہ شوپیان میں مشتعل نوجوانوں نے فوجی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا ،جوابی کارروائی میں فوج نے ہوائی فائرنگ کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کی دوپہر ساڑھے12بجے کے قریب گاؤں میں اچانک فوجی اہلکار نمودار ہوئے ،جنہوں نے غالباً جنگجوؤں کو تلاش کرنے کی غرض سے ڈرون طیارے کا استعمال کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ گاؤں میں جونہی یہ خبر پھیلی کہ فوج گاؤں میں ڈرون طیاروں کا استعمال کررہی ہے ،تو نوجوانوں کی ٹولیاں نمودار ہوئیں اور مشتعل ہو کر فوج پر پتھراؤ کیا ۔فوج نے جوابی کارروائی میں مشتعل نوجوانوں کو تتربتر کرنے کیلئے ہوا میں گولیوں کے کئی راؤنڈ چلائے ،تاہم اس واقعے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار علاقے میں بھارت مخالف وال چاکنگ کو مٹا رہے تھے ،جس دوران اُن پر شدیدپتھراؤ کیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ فوج بعد ازاں گاؤں سے نکل گئی اور کچھ دیر تک یہاں افراتفری کے بعد صورتحال معمول پر آگئی ۔

