کشمیر کی صورتحال بنی حد درجہ مخدوش،نہتے لوگوں پر طاقت کا استعمال سرکاری غنڈہ گردی
سری نگر:۳۱،مئی:/ حریت (ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرحدوں پر بھارت اور پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کو خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے سرحد کے آر پار رہ رہے لوگوں کو راحت مل سکتی ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے اندر صورتحال حد درجہ مخدوش ہے اور سرکاری فورسز اور فوج نہتے لوگوں کیخلاف طاقت اور تشدد کا استعمال کررہی ہے جبکہ قبروں کی بھی بے حرمتی کی جارہی ہے وہ ہر لحاظ سے سرکاری غنڈہ گردی کے مترادف ہے۔کے این این کو بھیجے گئے بیان کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کوحصول تقویٰ ، نفسانی خواہشات پر قا بو اور ایثار و مروت کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عظیم مہینے کی فیوض و برکات کا سب سے نمایا ں پہلو یہ ہے کہ ایک مسلمان روزہ دار تقویٰ اور پرہیزگاری کے اعلیٰ مدارج طے کرتا ہے اور ماہ رمضان کا ایک مسلمان سے سب سے اہم تقاضا بھی یہی ہے کہ وہ اس مہینے کو تقرب الٰہی ، تزکیہ نفس، صبر و ضبط ، ایثار و ہمدردی اور ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کا ذریع بنائے۔بیان کے مطابق رمضان المباک کے عشرہ مغفرت کے دوران لکھری پورہ نوشہرہ اور مسجد شریف نرورہ عیدگاہ سرینگر میں مجالس وعظ و تبلیغ کے دوران بھاری دینی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے جموں کشمیر کی سرحدوں پر بھارت اور پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کو خوش آیئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے سرحد کے آر پار رہ رہے لوگوں کو راحت مل سکتی ہے اور گولہ باری کے نتیجے میں ہورہے مال وجان کے اتلاف اور قتل و غارت گری پر روک لگ سکتی ہے مگر افسوس کا مقام ہے جموں کشمیر کے اندر جو صورتحال بنی ہوئی ہے وہ حد درجہ مخدوش ہے اور سرکاری فورسز اور فوج جس طرح نہتے لوگوں کیخلاف طاقت اور تشدد کا استعمال کررہی ہے خاص کر جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں میں جس طرح وہاں لوگوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے ، لوگوں کے املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ، میوہ باغات کی بے ذریغ کٹائی حتیٰ کہ شہیدوں کے قبروں کی بھی بے حرمتی کی جارہی ہے وہ ہر لحاظ سے سرکاری غنڈہ گردی کے مترادف ہے ۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ میرواعظ نے کہا کہ سرکاری فورسز کے عام لوگوں کیخلاف جارحانہ اقدامات سے حالات میں بہتری آنے کے بجائے لوگوں میں غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے جو ہر لحاظ سے منفی نتائج پر منتج ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ایک طرف حکمران طبقہ کہہ رہا ہے کہ انہوں نے کشمیر میں سیز فائر کیا ہوا مگر جس طرح خود حکومتی سطح پر نہتے لوگوں کیخلاف طاقت اور تشدد کا استعمال کرکے اس اعلان کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے وہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے ۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حکومت کو اپنی فورسز کو قابو میں رکھتے ہوئے لوگوں کیخلاف طاقت اور جبر و تشدد کا سلسلہ فوری طور بند کرنا چائیے۔بیان کے مطابق میرواعظ نے اعلان کیا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کے بانی رہنمامہاجر ملت میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کا 51 ویں یوم وصال کے سلسلہ میں سنیچروار 17 رمضان المبارک کو سرینگر کی تاریخی عالی مسجد عید گاہ سرینگر میں بعد نماز ظہر وہاں ایک پُر وقار جلسہ خراج عقیدت منایا جارہا ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس اہم تقریب میں شرکت کرکے مرحوم رہنما اور دوسر ے ہزاروں شہدائے کشمیر کے تئیں خراج عقیدت ادا کریں۔
