ریاست بھر میں26 جنوری کی تقاریب پر سکون ماحول میں اختتام پذیر

Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

سرینگر:ریاست بھر میں26 جنوری کی تقاریب پر سکون ماحول میں اختتام کو پہنچ گئیں جس دوران گورنر این این ووہرا نے جموں جبکہ مختلف ریاستی وزراءنے مختلف ضلع ہیڈکوارٹروں پر ترنگا لہرانے کی رسم انجام دی اور اپنی تقاریر میں ریاستی مخلوط سرکار کی حصولیابیاں گنوائیں۔ کشمیر میڈیا نیٹ ورک نمائندے کے مطابق یوم جمہوریہ کے موقعہ پرریاستی سطح کی سب سے بڑی تقریب جموں کے مولانا آزادا سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ یہاں ریاست کے گورنر این این ووہرا نے پریڈ پر سلامی لینے سے قبل ترنگا لہرایا ۔پریڈ میں سکولی طلبہ وطالبات کے علاوہ پولیس،نیم فوجی دستوں اور فوج کی ٹکڑیوں نے حصہ لیا جبکہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروس اور این سی سی کیڈٹس نے بھی پریڈ میں شمولیت کی۔مولانا آزادا سٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی تقریب دیکھنے کے لئے لوگوں کی ایک بھاری تعداد جمع ہوگئی تھی تاہم اُنہیں تلاشی کے کئی مراحل سے گزارنے کے بعد ہی اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اس موقعہ پر محکمہ اطلاعات و تعلیم کے فنکاروں اوراسکولی طلبہ وطالبات نے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کیا جس سے موجود لوگ محظوظ ہوئے۔ اپنی تقریر کے دوران گورنر نے ریاستی مخلوط سرکار کی مجموعی کارکردگی کا خاکہ پیش کیا۔جموں کے متعدد بازاروں اور محلوں میں بھی عام لوگوں نے اپنی سطح پر ترنگا لہرا کر یوم جمہوریہ منایا۔ریاست میں یوم جمہوریہ کی دوسری بڑی تقریب کا اہتمام شیر کشمیر کرکٹ ا سٹیڈیم سرینگر میں کیا گیا۔یہاں مال اور پارلیمانی امور کے ریاستی وزیر عبدالرحمان ویری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے ترنگا لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب میں کئی ممبران قانون سازیہ کے ساتھ ساتھ انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے جن میں صوبائی انتظامیہ کے سربراہ بصیر احمد خان،پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل منیر احمد خان اورضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر عابد رشید شاہ بھی شامل تھے۔پریڈ میں پولیس،سی آر پی ایف، آرمڈ پولیس، فائر اینڈ ایمر جنسی سروس ، ہوم گارڈس اور این سی سی کیڈٹس کے علاوہ مختلف اسکولوں کے طلبا نے بھی حصہ لیا۔تقریب کے آخر پر طلبہ وطالبات اور فنکاروںنے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔اس سے قبل اپنے خطاب میں عبدالرحمان ویری نے پی ڈی پی بی جے پی مخلوط سرکار کی اب تک کی کارکردگی کا مجموعی خاکہ پیش کیااور کہا کہ حکومت نے ریاست کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبودکا جو ایجنڈا مرتب کیا ہے، اسے سرعت کے ساتھ عملی جامہ پہنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔کے ایم ا ین نمائندوں کے مطابق سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات پر بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات کا اہتمام کیا گیاجن میں ریاستی وزراءنے پرچم کشائی اور مارچ پاسٹ پر سلامی لینے کی رسم انجام دی۔وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع ہیڈکوارٹر پر وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ اورگاندربل میں وزیر مملکت آسیہ نقاش، شمالی کشمیر کے بارہمولہ میںباغبانی کے وزیر سید بشات بخاری، کپوارہ میں سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون اور بانڈی پورہ میں تکنیکی تعلیم کے وزیر عمران رضا انصاری جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع صدر مقام اننت ناگ پردیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان ،شوپیان میںامداد و بازآباد کاری کے وزیر جاوید مصطفےٰ میراور کولگام میں تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اخترپریڈ کا معائینہ کیا، ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لینے کے علاوہ اپنی تقریر میں ریاستی مخلوط سرکار کی حصولیابیوں کی تفاصیل بیان کیں۔پلوامہ میں وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو ضلع سطح کی سب سے بڑی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والے تھے، تاہم ان کی آمد کسی وجہ سے ممکن نہیں ہوسکی جس کے بعد ڈپٹی کمشنر پلوامہ جی ایم ڈارنے مارچ پاسٹ پر سلامی لینے اور پرچم لہرانے کی رسم انجام دی۔لداخ خطے کے لیہہ اور کرگل اضلاع سے بھی یوم جمہوریہ کی تقاریب کے اہتمام کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ۔ان تمام مقامات پر اسکولی طلبہ و طالبات نے تمدنی پروگرام بھی پیش کئے جبکہ تحصیل صدر مقامات سے بھی ایسی ہی تقریبات منعقد ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے دوران مختلف سرکاری افسران نے ترنگا لہرایا۔مجموعی طور ریاست بھر میں منعقد ہونے والی26جنوری کی تقریبات پر امن طور اختتام پذیر ہوئیں اور کسی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔a

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے