جنگجومخالف کارروائیوں کی معطلی سے اچھاماحول پیداہوا :وزیراعلیٰ

By
4 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

رمضان فائربند ی میں توسیع کی وکالت
ہمارے نوجوان ہی ہمارخزانہ ،اثاثہ اوراصل سرمایہ
سری نگر:۷،جون:کے این این / وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے رمضان سیزفائرمیں توسیع کی وکالت کرتے ہوئے واضح کیاکہ جنگجومخالف کارروائیوں کی معطلی سے اچھاماحول پیدا ہواہے۔انہوں نے نوجوانوں کوانمول سرمایہ اوراثاثہ قراردیتے ہوئے کہاکہ ہمارے نوجوان ملک میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔کے این این سٹی رپورٹرکے مطابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے شیرکشمیرانڈؤراسٹیڈیم واقع وزیرباغ سری نگرمیں کھیل سرگرمیوں کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکارنے جموں وکشمیرمیں ماہ مبارک کے پیش نظرایک ماہ کیلئے جنگجومخالف آپریشنزکومعطل کرکے ایک اہم پیش رفت کی ،اوراسی وجہ سے آج کشمیروادی میں اچھاماحول پایاجاتاہے ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وادی کشمیر میں جنگجوؤں کے خلاف آپریشنز کی معطلی کے نتیجے میں کشمیری نوجوان راحت کی سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنز کی معطلی سے وادی میں ایک اچھا ماحول پیدا ہوا ہے جس میں کشمیری بچے اور نوجوان بغیر کسی ڈر و خوف کے گلی کوچوں اور کھیل کے میدانوں میں کھیل رہے ہیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’رمضان فائربندی‘ میں توسیع کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ سے مخاطب ہوکر کہا ’سب سے بڑا مسئلہ ماحول ہے۔ جب سے آپ (راجناتھ)نے آپریشنز کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، تب سے ہمارے بچے چین کی سانس لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ’ بچے اورنوجوان لوگ گلی کوچوں میں کھیلتے ہیں، باہر آکر باغوں میں کھیلتے ہیں، ایک اچھا ماحول پیدا ہوگیا ہے‘۔ وزیر اعلیٰ کا راجناتھ سنگھ سے مخابطب ہوتے ہوئے کہنا تھا’آپ نے یہاں آپریشنز کو بند کرنے رکھنے کا اعلان کیا ہے، اس میں توسیع کی ضرورت ہے۔ تاکہ ہمارے بچے اچھے ماحول میں کھیل سکیں‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے نوجوان ملک میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’نوجوان ہمارا خزانہ،ہمارااصل سرمایہ اورانمول اثاثہ بھی ہیں۔ یہی سب کچھ ہے۔ یہ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ، آپ کے سامنے ہیں۔ یہ اتنے قابل اور ذہین ہیں، جس فیلڈ(شعبے) میں بھی جاتے ہیں ، کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ لیکن ان کو موقعے اور ماحول دینا ہمارا کام ہے۔وزیراعلیٰ نے زوردیکرکہاکہ جموں وکشمیر کے ہمارے بچے پورے ملک میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ کسی بھی کھیل میں جائیں، کسی بھی امتحان میں جائیں، یہ اول نمبر پر آتے ہیں۔انہوں نے راجناتھ سنگھ سے مخاطب ہوکرکہاکہ’ ہوم منسٹر صاحب ہمیں انہیں وہ ماحول دینا ہے، ان کو وہ مواقع دینے ہیں جس میں وہ اپنے ٹیلنٹ کو دکھا سکیں‘۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ میری یہی گذارش ہے کہ یہ بچے جینا چاہتے ہیں، کھیلنا چاہتے ہیں۔ یہ بچے ہنسنا چاہتے ہیں۔ انہیں ملک کی دیگر ریاستوں کے بچوں کی طرح مواقع دئیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ گولہ باری، بندوقوں کا چلنا اور پتھر بازی بند ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایسا ہوا تو ہمارے بچے آسمان کے تاروں کو چھو سکیں گے۔

Share This Article