جموں میں مہاراجہ ہری سنگھ سے منسوب پارک کا افتتاح، راجپوت سبھا کے کارکنوں کا احتجاج

Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

جموں ،:جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں دریائے توی کے کنارے ریاست کے آخری مہاراجہ ، مہاراجہ ہری سنگھ کے نام سے منسوب پبلک پارک کی افتتاحی تقریب اور پارک کے اندر نصب کئے گئے مہاراجہ ہری سنگھ کے مجسمے کی نقاب کشائی تقریب کے موقع پر جمعہ کے روز جموں وکشمیر راجپوت سبھا نامی تنظیم کے کارکنوں نے ایک احتجاجی دھرنا دیا۔ وہ ریاستی حکومت کی طرف سے مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن پر تعطیل کا اعلان نہ کئے جانے کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ جس وقت راجپوت سبھا کے کارکنوں نے پارک کے اندر احتجاجی دھرنا دیا، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی پارک کا افتتاح ، مہاراجہ ہری سنگھ کے مجسمے کی نقاب کشائی اور پارک کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد وہاں سے چلی جاچکی تھیں۔ تاہم پارک کے اندر موجود ریاستی نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کو احتجاجی راجپوت سبھا کارکنوں کی نعرے بازی کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاجی کارکن ’چھٹی دو چھٹی دو مہاراجہ صاحب کی چھٹی دو، ہمیں کیا چاہیے چھٹی چاہیے۔ مہاراجہ صاحب کو انصاف دو انصاف دو‘ جیسے نعرے لگارہے تھے۔ احتجاجیوں کی قیادت کرنے والے پون سنگھ جنہوں نے اپنے آپ کی شناخت راجپوت سبھا یوتھ ونگ کے صدر کے بطور کی، نے نامہ نگاروں کو بتایا ’گذشتہ برس مہاراجہ جی کے جنم دن پر چھٹی کا اعلان کرنے کے مطالبے کو لیکر پورا جموں ایک ہوگیا تھا۔ لیکن ہماری وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے صاف صاف نا کہہ دیا۔ جس وزیر اعلیٰ نے مہاراجہ جی کے جنم دن پر چھٹی کا اعلان کرنے سے انکار کیا، انہی کے ہاتھوں مہاراجہ جی سے منسوب پارک کا افتتاح کرانا شرم کی بات ہے‘۔ انہوں نے کہا ’بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کے سامنے سرینڈر کردیا ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ این سی اور پی ڈی پی جموں کے بارے میں نہیں سوچتی ہیں۔ ہمارے لوگ جو ان کا سپورٹ کررہے ہیں، وہ گنہگار ہیں‘۔ یو این آئی

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے