جماعت اسلامی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

ترال کے مختلف علاقوں میں شبانہ چھاپوں میں نصف درجن گرفتار

سرینگر/: جماعت اسلامی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شبانہ چھاپو ں کے دوران ترال کے مختلف علاقوں میں مزید نصف درجن کارکنوں کی گرفتار ی عمل میں لائی ہے ۔ اسی دوران گرفتار یوں کے خلاف لوگوں میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پولیس کی تازہ کارروائیوں کے دوران جماعت اسلامی کے چھ کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ یہ گرفتاریاں ترال علاقے میں دوران شب عمل میں لائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے وابستہ کارکنان کو لاری بل، پنگلش، ڈاڈہ سرہ، پانیئر، مندورا اور لرگام گاؤں میں میں گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کو پولیس سٹیشن ترال میں مقید رکھا گیا ہے۔جماعت سے وابستہ کارکنان کی گرفتاری جماعت اسلامی پر پابندی عائد کئے جانے کے چند گھنٹوں بعد عمل میں لائی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس تنظیم کے سینکڑوں لیڈران و کارکنان پہلے ہی پولیس حراست میں ہیں۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتار یوں کے خلاف لوگو ں میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی رہائی جلد از جلد عمل میں لائی جائے ۔

Share This Article