بھارت ایسے اقدامات سے باز رہے جن سے خطے میں صورتحال خراب ہو
سرینگر/16جنوری/سی این آئی/ فوجی سربراہ بپن روات کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے چین نے بھارت کے نام سخت پیغام میں واضح کیا ہے کہ بھارت ایسے اقدامات سے باز رہے جن سے خطے میں صورتحال خراب ہو۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکینگ کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کابیان غیر تعمیری، ہند پاک کے رہنماؤں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ہونے والے اتفاق رائے اور سرحدوں پر امن قائم کرنے کے خلاف تھا، گزشتہ سال برکس اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اتفاق کیا تھا جب کہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری بھی دیکھنے میں آئی تھی۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے اس طرح کے غیر تعمیری ریمارکس دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے ہونے والے اقدامات کے خلاف ہے، ایسے ریمارکس سرحد پر امن و سکون کسی صورت قائم نہیں رکھ سکتے۔ چین اور بھارت اہم ہمسائے ہیں، دونوں کو باہمی اسٹریٹیجک تعلقات کو بڑھانا چاہیے، اس لئے بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے اقدامات کرے جن سے سرحدوں پر امن قائم رہے اور باہمی تعلقات میں بہتری آئے، وہ ایسے اقدامات سے باز رہے جن سے صورتحال خراب ہو۔

