بھدر واہ میں دلخراش سڑک حادثہ

ماں ۔بیٹے سمیت2 افرادہلاک ،7دیگر زخمی ،کئی ایک کی حالت نازک

بھدرواہ:۱۳،جون:/ بھدر واہ میں بدھ کے روز اُس وقت قیامت صغریٰ بپا ہوئی جب سڑک کے ایک المناک حادثے میں ماں ۔بیٹے سمیت2افراد ہلاک اور 7دیگر زخمی ہوئے ۔اس سلسلے میں کے این این کو ملی تفصیلات کے مطابق بھدر واہ میں بدھ کے روز 52سالہ خاتون اور اِس کا نوجوان بیٹا اُس وقت ہلاک اور7دیگر شدید زخمی ہوئے جب بھدر واہ ۔چھمبا لنک روڑ پر ایک مسافر گاڑی کو حادثہ پیش آیا ۔تفصیلات کے مطابق مانا دائی اور اس کا 26سالہ بیٹا مکیش ہلاک اور7دیگر افراد زخمی ہوئے ایک مسافر وین کو حادثہ پیش آیا ۔معلوم ہوا ہے کہ قصبہ بھدرواہ سے24کلو میٹر کی دوری پر بھدر واہ ۔چھمبا لنک روڑ پر کھانی ٹاپ کے نزدیک مسافر وین کا ڈرائیور اچانک گاڑی پر کنٹرول کھو گیا جسکے نتیجے میں یہ پلٹ کر گہری کھائی میں جاگری ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ پہاڑی سے گاڑی کھائی میں گرنے سے قبل چٹانوں سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں اس میں سوار مانا دائی اور مکیش موقعے پر ہی ہلاک ہوئے ۔بتایا جاتا ہے کہ مسافر وین زیر رجسٹرڈ نمبرJK06A/1698بھدرواہ سے مشہور معروف سیاحتی مقام پڈری مید ؤ کی طرف جارہی تھی ،جس دوران بھدر واہ ۔چھمبا لنک روڑ پر کھانی ٹاپ کے نزدیک حادثہ پیش آیا ۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ،جنہوں نے بچاؤ کا کام شروع کیا ۔ایس ڈی پی او بھدرواہ توسیف ریشو نے بچاؤ کارروائی کا ازخود جائزہ لیا اور زخمیوں کو ضلع اسپتال بھدرواہ فوری طور پر پہنچایا گیا ۔اے ایس پی راجندر سنگھ کے مطابق بھدر واہ کے مطابق گاڑی میں9مسافر بشمول ڈرائیور سوار تھے ۔

Share This Article