جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتے مگر مجبور کیا گیا تو تیار ہیں/ڈاکٹر فیصل
سرینگر: پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا حق رکھتے ہیں اور پاکستان نے دن کی روشنی میں کارروائی کرکے بھارت کو واضح طور پر متنبہ کردیا ہے۔ادھر پاکستان کے فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی دراندازی کا جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان فضائیہ کی جوابی کارروائی پرپاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی دوسری جانب جوابی کارروائی کی، اس اقدام کا مقصد اپنے دفاع کے حق، عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے دن کی روشنی میں کارروائی کر کے بھارت کو واضح انتباہ کیا ہے کہ پاکستان بھی بھارت میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتا مگر مجبور کیا گیا تو تیار ہے۔ادھر ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کی دراندازی کا جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔بھارت کی دراندازی کے جواب میں پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کو مارگرایا جس کے نتیجے میں 2 بھارتی پائلٹس ہلاک ہوگئے اور دو کو گرفتار کرلیا گیا۔اس بارے میں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے 6 اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے بھارت کے دو طیاروں کو مار گرایا، بھارت میں ایک اور طیارہ گرنے کی بھی اطلاع ہے لیکن اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، پاکستانی مسلح افواج کے پاس بھارتی دراندازی اور جارحیت کا جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا، یہ بھارت کی گزشتہ روز ہونے والی کارروائی کا بدلہ نہیں ہے بلکہ اپنے دفاع کی صلاحیت کا مظاہرہ ہے۔ڈی جی ا?ئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ فوجی ہدف کو نشانہ نہیں بنائیں گے اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہونا چاہیے، پاک فضائیہ نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے 6 اہداف کا انتخاب کرکے انہیں نشانہ بنایا، ہم سب کچھ کرسکتے ہیں لیکن خطے کے امن کی خاطر نہیں کرتے اور جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے، طاقت کا ہونا ایک بات ہے لیکن اس کا ذمہ داری سے استعمال ہی اہم بات ہے۔پاکستان کے ترجمان پاک فوج نے بھارتی میڈیا کے پاکستانی ایف 16 کو مار گرانے کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے بھارتی میراج طیارے گرائے اور اس آپریشن میں ایف سولہ استعمال نہیں ہوئے، ہم نے ناریان میں دو، دو جبکہ بھمبر گلی اور کے جی ٹاپ میں ایک ایک بھارتی ہدف کو نشانہ بنایا،جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتے، پاکستان تمام تر صلاحیت رکھنے کے باوجود امن کا پیغام دیتا ہے، جنگ پالیسی کی ناکامی ہے، جنگ شروع کرنا آسان ہے لیکن کسی کو نہیں پتہ ہوتا کہ وہ ختم کہاں ہوگی۔(سی این آئی )

