اداکارہ پریہ واریر کے خلاف فوجداری مقدمے منسوخ

By
2 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

نئی دہلی، سپریم کورٹ نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزا م میں جنوبی ہندستان کی اداکارہ پریہ پرکاش واریر کے خلاف مختلف مقامات پر دائر فوجداری مقدمے آج منسوخ کردیئے۔

چیف جسٹس دیپک مشرا، جج اے ایم خانولکر اور جج ڈی وائی چندرچوڑ پر مشتمل بنچ نے تلنگانہ اور مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر دائر مقدمات کو منسوخ کرنے سے متعلق اداکارہ پریہ پرکاش کی عرضی منظور کرلی۔

عدالت نے پریہ اور ملیالم فلم ’اور وادار لو‘ کے ڈائرکٹر عمر عبدالوہاب کے خلاف درج مقدمے منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ فلم میں آنکھ مارنے کے منظر سے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 295اے کے التزامات کی قطعی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہے۔

عدالت نے کہاکہ اس سے متعلق کسی بھی فوجداری مقدمے کی سماعت نہیں کی جائے گی۔ چیف جسٹس نے ایک سرکاری وکیل پر تبصرہ کیا کہ ’کسی شخص نے فلم میں ایک گانا گایا اور آپ کے پاس مقدمہ درج کرنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے‘۔

فلم کا گانا ’مانکیہ ملاریہ پووی‘ کے ریلیز ہونے کے ساتھ ہی حیدرآباد میں ایک عرضی دائر کی گئی تھی اور اس میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ ممبئی کی ایک تنظیم نے بھی اس کے تعلق سے معاملہ درج کرایا تھا۔ آخرکار فلم کی اداکارہ اور پروڈیوسر و ڈائرکٹر کو عدالت عظمی جانا پڑا تھا۔ (یو این آئی)

Share This Article