شوپیان میں جنگجوؤں نے پولیس کانسٹیبل کو اغوا کے بعد ہلاک کردیا
سری نگر ، 6 جولائی : جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں جنگجوؤں نے جموں وکشمیر پولیس کے ایک اہلکار کو اغوا کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کردیا ہے۔ مہلوک پولیس کانسٹیبل کی شناخت ویہل شوپیان کے رہنے والے جاوید احمد ڈار ولد عبدالحمید ڈار کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
جاوید کی لاش جمعہ کی صبح پڑوسی ضلع کولگام کے پاری ون نامی گاؤں سے برآمد کی گئی۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کہا گیا ’جنگجوؤں نے کانسٹیبل جاوید احمد ڈار ساکنہ شوپیان کو ہلاک کردیا ہے۔ انہیں جمعرات کی شام اغوا کیا گیا تھا۔ ہم اس گھناونی حرکت کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم مہلوک پولیس کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں مہلوک اہلکار کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قریب تین جنگجوؤں پر مشتمل ایک گروپ نے گذشتہ شام دیر گئے جاوید احمد ڈار کو اپنے آبائی گاؤں ویہل شوپیان میں اپنے گھر کے نذدیک اغوا کرلیا۔ وہ مبینہ طور پر اس وقت ایک مقامی میڈیکل شاپ کی طرف جارہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹرو کار میں سوار جنگجو جاوید احمد کو نامعلوم جگہ پر لے گئے۔ تاہم اغواء کے کچھ گھنٹے بعد سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں جاوید کے جسم پر ٹارچر کے نشانات دیکھے گئے۔
جاری۔یو این آئی۔





